رسائی کے لنکس

انٹر نیٹ پر توہین آمیز خاکے شائع کرنے پر عمر قید کی سزا


پاکستان کی ایک عدالت نے انٹرنیٹ پر توہین آمیز خاکے شائع کرنے کے جرم میں ایک شخص کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے وقاص بھٹی نامی شخص پر جرم ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال جولائی میں اس شخص کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز خاکے شائع کرنے کا الزام سامنے آیا تھا۔

پولیس نے اسے ضلعی انتظامیہ کے حکم پر تین ماہ تک نظر بند رکھا اور معاملے کی حساسیت کے پیش نظر مقدمے کی ابتدائی سماعتیں ڈسٹرکٹ جیل میں کی جاتی رہیں۔

ہفتہ کو اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جج نے مجرم پر عمر قید کی سزا کے علاوہ ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

پاکستان میں انٹرنیٹ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر توہین مذہب پر مبنی مواد کی اشاعت کے واقعات گزشتہ ایک سال کے دوران بڑی تعداد میں دیکھنے میں آئے ہیں جن کے خلاف حکام نے کارروائیاں بھی تیز کر رکھی ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہیں وفاقی وزرات داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وفاقی تفتیشی ادارے "ایف آئی اے" کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی جو انٹرنیٹ پر توہین آمیز مواد کی روک تھام کے اقدام کرے گی۔

اب تک ایسے ہزاروں ویب سائٹ لنکس کو بلاک کیا جا چکا ہے جن پر توہین مذہب پر مبنی مواد کی نشاندہی ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG