رسائی کے لنکس

دہری شہریت: رحمٰن ملک کی پارلیمانی رکنیت معطل


رحمن ملک
رحمن ملک

پاکستان کی سپریم کورٹ نے دہری شہریت رکھنے کے باعث حکمران پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمٰن ملک کی رکنیت معطل کر دی ہے جس کے بعد وہ وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فائز نہیں رہے۔

چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالت عظمٰی کے تین رکنی بینچ نے یہ حکم پیر کو دہری شہریت رکھنے والے اراکین پارلیمان سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔

عدالت نے اپنے مختصر حکم نامے میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ برطانوی شہریت چھوڑنے سے متعلق مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے جس کی وجہ سے ان کی سینیٹ کی رکنیت عارضی طور معطل کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر برائے سیاسی امور فواد چوہدری نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی عدم استحکام کا باعث بننے گا۔

’’پیپلز پارٹی کے لوگوں کے خلاف ایک خاص سیاسی تناظر میں فیصلے آتے ہیں۔ جہاں تک معطلی کے اس حکم کا تعلق ہے، جب تک کیس کا مکمل جائزہ لینے کے بعد حتمی طور پر اس نتیجے پر نا پہنچ جائیں کہ آپ اہلیت رکھتے ہیں یا نہیں (کسی کو) معطل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ رحمٰن ملک حساس عہدے پر کام کر رہے ہیں اور اس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو گی، سیاسی عدم استحکام بھی بڑھے گا۔‘‘

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان کی اپنی رکنیت برقرار رکھنے کے لیے رحمٰن ملک کے پاس اب بھی راستہ موجود ہے۔

’’اب لائحہ عمل یہ ہوگا کہ انھیں سپریم کورٹ آف پاکستان کو یہ بتانا پڑے گا کہ انھوں نے اپنی برٹش شہریت ختم کر دی تھی اور انھیں تمام ثبوت پیش کرنے پڑیں گے۔ اگر سپریم کورٹ میں وہ ثبوت پیش کرنے میں کامیاب ہو گئے اور عدالت مطمیئن ہو گئی تو پھر ان کی معطلی ختم ہو جائے گی۔‘‘

سپریم کورٹ نے حکمران پیپلز پارٹی اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے دہری شہریت رکھنے والے مزید 13 اراکین پارلیمان کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔

فرح ناز اصفہانی
فرح ناز اصفہانی

عدالت عظمیٰ میں دہری شہریت رکھنے والے اراکین پارلیمان سے متعلق مقدمے میں اس سے قبل صدر آصف علی زداری کی میڈیا کوآرڈینیٹر اور امریکہ میں سابق سفیر حسین حقانی کی اہلیہ فرح ناز اصفہانی کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا چکی ہے۔

پاکستان کا آئین دہری شہریت رکھنے والے افراد کو پارلیمان کا رکن بننے کی اجازت نہیں دیتا تاہم انھیں عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔

عدالت عظمیٰ میں دہری شہریت سے متعلق اس مقدمے کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے ذرائع ابلاغ اور قانونی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ آیا کسی دوسرے ملک کی شہریت رکھنے والے پاکستانی پارلیمان کا رکن بننے کا حق رکھتے ہیں یا نہیں۔ حکمران پیپلز پارٹی کے قائدین کا اصرار ہے کہ دہری شہریت رکھنے والوں کو یہ حق حاصل ہونا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG