رسائی کے لنکس

امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت پر پاکستان کا احتجاج


پاکستان کا دفتر خارجہ (فائل فوٹو)
پاکستان کا دفتر خارجہ (فائل فوٹو)

پاکستان نے ایک امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے اپنے ایک شہری کی ہلاکت پر امریکہ سے شدید احتجاج کیا ہے۔

اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو اتوار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنے ملک کی طرف سے احتحاج ریکارڈ کروایا۔

ہفتہ کی شام وفاقی دارالحکومت میں چڑیا گھر کے قریب مارگلہ روڈ پر امریکی سفارتخانے کی ایک گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار ایک نوجوان ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ڈیفنس اینڈ ایئر اتاشی کرنل جوزف چلا رہے تھے جنہوں نے ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔

سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کی وجہ سے کرنل جوزف کو تو تحویل میں نہیں لیا گیا لیکن ان کی گاڑی پولیس نے قبضے میں لے کر واقعات کی رپورٹ درج کر لی۔

اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری خارجہ نے امریکی سفیر کو آگاہ کیا کہ اس معاملے میں ملکی قوانین اور سفارتی تعلقات کے لیے وضع کردہ ویانا کنونشن کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

بیان کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل نے جانی نقصان پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا۔

ادھر حادثے میں ہلاک ہونے والے 22 سالہ عتیق کی نماز جنازہ مارگلہ کی پہاڑیوں میں واقع گاؤں تلہار میں اتوار کو ادا کر دی گئی جس میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔

حالیہ برسوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں امریکی سفارتخانے کی گاڑیوں سے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

2010ء میں سیونتھ ایونیو پر سفارتخانے کی ایک گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار ایک نوجوان ہلاک ہو گیا تھا جب کہ 2013ء میں مارگلہ روڈ پر ایسے ہی ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG