رسائی کے لنکس

'چیمپئنز ٹرافی' کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، آفریدی ڈراپ


فائل
فائل

آفریدی کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل اور فاسٹ بالر سہیل تنویر بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں

'پاکستان کرکٹ بورڈ' نے جون میں انگلینڈ میں ہونے والی 'آئی ائی سی چیمپئنز ٹرافی' کے لیے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔

پیر کو لاہور میں ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا کہ حالیہ میچز میں آفریدی کی بالنگ متاثر کن نہیں رہی جب کہ وہ کئی اہم مواقع پر اسکور بھی نہیں کرپائے۔

ان کے بقول آفریدی کا ٹیم میں بنیادی کردار بالنگ آل رائونڈر کا ہے لیکن وہ حالیہ میچز میں وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

خیال رہے کہ سابق کپتان جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرپائے تھے جب کہ سوائے ایک میچ کے ان کی بیٹنگ بھی متاثر کن نہیں رہی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر کاکہنا تھا کہ آفریدی کا کیریئر ختم نہیں ہوا اور اگر وہ ڈومیسٹک لیول پر اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو قومی ٹیم میں ان کی واپسی ہوسکتی ہے۔

آفریدی کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل اور فاسٹ بالر سہیل تنویر بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں جب کہ عمر گل کا نام انجری کے باعث اسکواڈ کے لیے زیرِ غور نہیں آیا۔

قومی ٹیم میں مڈل آرڈر بلے باز عمر امین کی واپسی ہوئی ہے جب کہ ٹورنامنٹ کے لیے پانچ فاسٹ بالرز بھی اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں جن میں نوجوان اسد علی کے علاوہ احسان عادل، جنید خان، وہاب ریاض اور محمد عرفان شامل ہیں۔

اسکواڈ میں کامران اکمل اور شعیب ملک بھی شامل ہیں جن کے بارے میں اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ انہیں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیوں کہ، ان کے بقول حالیہ میچز میں دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی ۔

'پی سی بی' نے نیوزی لینڈ کے سابق اسسٹنٹ کوچ ٹرینٹ ووڈ ہل کو 'چیمپئنز ٹرافی' کے دوران میں تین ہفتوں کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پاکستان 6 جون سے شروع ہونے والی 'چیمپئنزٹرافی' کے گروپ - بی میں شامل ہے جس میں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور بھارت سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا گروپ – اے آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا پر مشتمل ہے۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے انگلینڈ جانے سے قبل مئی میں قومی ٹیم اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان مصباح الحق کے علاوہ ناصر جمشید، عمران فرحت، محمد حفیظ، اسد شفیق، شعیب ملک، عمر امین، کامران اکمل، سعید اجمل، عبدالرحمن، جنید خان، محمد عرفان، اسد علی، احسان عادل اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG