رسائی کے لنکس

خیبرپختونخواہ سے ساڑھے پانچ ہزار مشتبہ افراد گرفتار


سرکاری میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں 1900 افغان شہری ہیں جو غیر قانونی طور پر صوبے میں مقیم تھے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ ہفتے کے دوران انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں میں لگ بھگ ساڑھے پانچ ہزار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں 1900 افغان شہری ہیں جو غیر قانونی طور پر صوبے میں مقیم تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد سے مختلف اقسام کے 1800 ہتھیار اور لگ بھگ 45 ہزار گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے اور وفاقی حکومت بھی یہ کہہ چکی ہے کہ چھاپہ مار کارروائیوں میں سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخواہ میں جمعرات کو صوبائی گورنر سردار مہتاب احمد، وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان سمیت اعلیٰ عہدیداروں کے ایک اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

گورنر سردار مہتاب احمد خان نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے اور شدت پسندوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

XS
SM
MD
LG