رسائی کے لنکس

پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی


وزیراعلیٰ پرویز خٹک
وزیراعلیٰ پرویز خٹک

تحریک انصاف کے قائدین کا کہنا تھا کہ وہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کریں گے۔

پاکستان کے شمالی مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی ہے۔

124 اراکین پر مشتمل صوبائی اسمبلی میں عمران خان کی جماعت تحریک انصاف سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جہاں اُس کی مخلوط حکومت میں جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحادی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایک ایسے وقت پیش کی گئی جب ایک روز قبل ہی عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے علاوہ پنجاب اور سندھ اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

تحریک انصاف کے قائدین کا کہنا تھا کہ وہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کریں گے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ اسمبلی کی تحلیل کے خدشے کے پیش نظر حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔

صوبے میں حزب مخالف کی ایک جماعت قومی وطن پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سکندر شیرپاؤ نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اراکین کی اکثریت اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے خلاف ہیں۔

"ہم سمجھتے ہیں کہ عوام نےپانچ سال کے لیے لوگوں کو منتخب کیا ہے اور جب ہم نے محسوس کیا کہ اسمبلی کو تحلیل کا جاسکتا ہے تو یہ تحریک جمع کروائی گئی۔"

صوبے میں حزب مخالف کی جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ اُنھیں 53 اراکین صوبائی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے لیکن تحریک عدم اعتماد پر 46 ارکان کے دستخط ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کا کیا مستقبل ہو گا لیکن بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے بعض ناراض اراکین بھی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے ممکنہ فیصلے کے خلاف ہیں۔

XS
SM
MD
LG