رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: فرنٹیئر کور کے قلعے میں بم دھماکے دو اہلکار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

گاڑی کی پوری طرح تلاشی نہیں لی گئی تھی اس لیے اس میں نصب بارودی مواد میں پیر کی شام ایک زور دار دھماکا ہوا جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں فرنٹئیر کور کے قلعے میں پیر کو ایک بم دھماکے سے کم از کم دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے اتوار کو کارروائی میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ایک گاڑی قبضے میں لے کر فرنٹیئر کور کے قلعے میں منتقل کر دی تھی۔

کیونکہ اس گاڑی کی پوری طرح تلاشی نہیں لی گئی تھی اس لیے اس میں نصب بارودی مواد میں پیر کی شام ایک زور دار دھماکا ہوا جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے سے قلعے کے اندر پانچ کمرے بھی منہدم ہو گئے۔

ادھر خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے مختلف علاقوں میں اتوار کی رات سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں حکام کے مطابق سات شدت پسند بھی مارے گئے جب کہ چھ زخمی شدت پسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

خیبر ایجنسی کے دور افتادہ وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر اس میں موجود چھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات تواتر سے ہوتے رہتے ہیں جب کہ اس قبائلی علاقے کے مختلف پہاڑی علاقوں میں چھپے ہوئے جنگجوؤں کے خلاف پچھلے کئی مہینوں سے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
XS
SM
MD
LG