رسائی کے لنکس

امریکی سفیر کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات


وزیراعظم نواز شریف اور امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن
وزیراعظم نواز شریف اور امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے تاہم کسی حتمی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے جمعہ کو اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ جان کیری کے متوقع دورہ پاکستان سے متعلق اُمور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے تاہم کسی حتمی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سفیر اولسن کو بتایا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز کے حالیہ دورہ افغانستان سے امریکی سفیر کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ امریکی وزیر خارجہ کیری کے دورے کے منتظر ہیں جس میں دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت کے علاوہ واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان مستقبل کے تعلقات پر بات چیت کریں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے ایک روز قبل کہا تھا کہ وزیر خارجہ جان کیری کا دورہ دونوں ملکوں کو یہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ باہمی تعلقات پر تفصیل سے بات چیت کر سکیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس دورے کے لیے تیاری کر رہا ہے اور مجموعی طور پر دوطرفہ تعلقات سے متعلق اُمور کے علاوہ علاقائی صورت حال پر بھی بات چیت کی گی۔

پاکستانی عہدیدار یہ بھی کہتے آئے ہیں کہ امریکی وزیرخارجہ کے دورے کے دوران ملک کے قبائلی علاقوں میں کیے جانے والے ڈرون حملوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اس متوقع دورے کے دوران طالبان اور امریکہ کے درمیان ممکنہ براہ راست مذاکرات اور افغانستان میں مصالحتی عمل کے لیے اب تک کی جانے والی کوششوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG