رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف ’پوری طاقت استعمال کریں گے‘: پرویز رشید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جہاں سے بھی خطرہ ہو گا اس کو ختم کرنے کے لیے ریاست ہر قدم اٹھائے گی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی ختم کرنے کے لیے ریاست اپنی بھرپور طاقت استعمال کرے گی۔

اُنھوں نے یہ بیان ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ائیر پورٹ پر اتوار کو نصف شب کے قریب دہشت گردوں کے حملے کے بعد حکومت کی حکمت عملی سے متعلق ایک سوال کے جواب پر دیا۔

وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہر طرح سے کارروائی کی جائے گی۔
ریاست پوری طاقت استعمال کرے گی: پرویز رشید
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:10 0:00


’’جہاں سے بھی خطرہ ہو گا، ہم اس خطرے کو ختم کرنے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے، فضا سے اُٹھانا پڑے گا وہ بھی اُٹھائیں گے، زمین سے اُٹھانا پڑے گا وہ بھی اُٹھائیں گے۔‘‘

اُدھر شدت پسند تنظیم اسلامک موومنٹ آف ازبکستان نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئیڑ‘ پر اپنے ایک بیان میں کراچی ائیر پورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حکومت کے ترجمان پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو بھی ایسے حملوں کی ذمہ داری قبول کر رہے ہیں اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

’’دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے ریاست اپنی پوری طاقت استعمال کرے گی۔۔۔۔۔۔ وہ (شدت پسند) اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں تو ہم بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔‘‘

اس سے قبل کراچی حملے کے بعد سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل رضوان اختر کے علاوہ دیگر حکام نے بھی کہا تھا کہ حملے میں ملوث شدت پسند ’ازبک‘ معلوم ہوتے ہیں، جن کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت جاری ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کراچی کے ہوائی اڈے پر حملے کے بعد اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مزید ایسی کارروائیوں کی دھمکی دی تھی۔

باور کیا جاتا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ازبک جنگجو سرگرم ہیں اور حالیہ ہفتوں میں اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں بھی حکام کے مطابق کئی ازبک جنگجو مارے گئے۔

منگل کی شب وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بھی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے شرکت کی تھی۔

اس اجلاس میں بھی سلامتی کی صورت حال اور دہشت گردی سے متعلق ممکنہ ’آپشنز‘ پر غور کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG