رسائی کے لنکس

سرحد پر بھارت کی فائرنگ کا ’مناسب جواب دیں گے‘: راحیل شریف


جنرل راحیل کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت کے سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر آئندہ ہفتے اسلام آباد آ رہے ہیں جہاں ان کی اپنے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چودھری سے ملاقات طے ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے متنبہ کیا ہے کہ لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

جمعرات کو سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری کے دورے کے موقع پر جنرل راحیل شریف نے سرحد پار فائرنگ سے متاثر ہونے والے دیہاتوں میں مقامی آبادی سے ملاقات کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل مبینہ خلاف ورزیوں کی وجہ سے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جاری مہم متاثر ہوئی ہے بلکہ اس سے علاقائی استحکام بھی متاثر ہوا ہے۔

بھارت کی طرف سے پاکستانی سپہ سالار کے اس بیان پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ متنازع علاقے کشمیر کو منقسم کرنے والی عارضی حد بندی یعنی لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ و گولہ باری کا تبادلہ ہو چکا ہے جس میں حالیہ مہینوں میں خاصا اضافہ دیکھا گیا۔

دونوں ممالک فائر بندی کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں اور ان واقعات میں دونوں جانب متعدد سکیورٹی اہلکار اور عام شہری ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔

جنرل راحیل کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت کے سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر آئندہ ہفتے اسلام آباد آ رہے ہیں جہاں ان کی اپنے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چودھری سے ملاقات طے ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جمعرات کو کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریوں کے مابین آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں تمام دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

گزشتہ اگست میں بھارت نے اسلام آباد میں ہونے والے خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیے تھے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید تناؤ دیکھا گیا۔

پاکستان کا موقف رہا ہے وہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے لیکن چونکہ مذاکرات بھارت نے منسوخ کیے تھے لہذا اب بات چیت میں پہل بھی اسے ہی کرنا ہو گی۔

XS
SM
MD
LG