رسائی کے لنکس

پاک بھارت میچ سے قبل سوشل میڈیا پر لفظی جنگ


اتوار کو مانچسٹر میں شیڈول پاکستان اور بھارت کے ورلڈ کپ میچ کو میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی دلچسپی اور میڈیا کوریج بھی بڑھ جاتی ہے۔

شائقین کرکٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ صرف میچ ہی نہیں ہوتا بلکہ ایک طرح کا معرکہ ہوتا ہے جو میدان کے علاوہ دونوں ملکوں کے شائقین کے درمیان بھی شروع ہو جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پراس بڑے معرکے سے پہلے دونوں ممالک کے حمایتی بڑھ چڑھ کر جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں دو اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جسے کوئی مزاح سمجھ کر لطف اندوز ہو رہا ہے تو کوئی اس پر ناراضگی کا اظہار کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک پاکستانی موبائل کمپنی 'جاز' کی جانب سے ایک ویڈیو جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پرچھا گئی۔ ویڈیو میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران گرفتار اور پھر رہائی پانے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی پیروڈی کی گئی ہے۔

ویڈیو میں ابھی نندن کا روپ دھارے اداکار جائے پی رہا ہے جس سے سوال کیا جارہا ہے کہ ٹاس جیتنے کے بعد کیا کرو گے؟ پلئینگ الیون میں کون کون ہے اور ان سوالوں کے جواب میں وہ کہتا ہے کہ میں آپ کو یہ نہیں بتا سکتا۔۔

ویڈیو کے آخرمیں وہ چائے کی تعریف کرکے جانے لگتا ہے تو سوال کرنے والا کہتا ہے کہ 'رکو کہاں جا رہے ہو کپ تو دیتے جاؤ.'

کچھ لوگوں نے ویڈیو کی تعریف کی تو کچھ نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ ویڈیو بھارتی چینل اسپورٹس کی طرف سے پچھلے ورلڈ کپ کے موقع پرہٹ ہونے والے اشتہار 'موقع موقع' کی طرز پر اس ورلڈ کپ کے حوالے سے بنائے گئے اشتہار کے بعد جاری کی گئی۔

'موقع موقع' کے نئے اشتہار میں بھی بھارت کو پاکستان سے آگے دکھایا گیا ہے۔ اس اشتہار کو بھی کچھ لوگوں نے نامناسب قرار دیا تھا۔

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اوربھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے دونوں ویڈیوز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرحد کی دونوں جانب سے کی گئی یہ شرمناک حرکت ہے۔ پاک بھارت میچ کو کسی مارکیٹنگ کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ پہلے ہی سب کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے، یہ صرف ایک میچ ہے۔

وڈیرہ کا بیٹا سے شہرت پانے والے پاکستانی سنگر علی گل پیر اور بھارتی یو ٹیوبر بینگ انڈین نے پاک بھارت میچ کے لیے مشترکہ طور پر خصوصی گانا بھی تیار کیا ہے۔

علی گل پیر اور بینگ انڈین کو امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری تناؤ میں لوگ اس گانے کو یقینا انجوائے کریں گے۔

XS
SM
MD
LG