رسائی کے لنکس

پلوامہ حملہ، پاکستان نے بھارتی ڈوزیئر کا جواب دے دیا


پلوامہ خودکش دھماکے کے مقام پر گاڑیوں کا ملبہ بکھرا پڑا ہے۔ اس حملے میں 50 سیکورٹی اہل کار ہلاک ہوئے۔ 14 فروری 2019
پلوامہ خودکش دھماکے کے مقام پر گاڑیوں کا ملبہ بکھرا پڑا ہے۔ اس حملے میں 50 سیکورٹی اہل کار ہلاک ہوئے۔ 14 فروری 2019

پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارتی ڈوزئیر کا جواب بھجوا دیا ہے جس میں بھارت سے مزید شواہد مانگ لیے ہیں۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ڈوزئیر میں معلومات پر تحقیقات کر کے جواب دے دیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ بلا کر پلوامہ حملے پر ڈوزیئر کا جواب ان کے حوالے کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھارت کو پلوامہ حملہ کے بعد تحقیقات میں مدد کی پیش کش کی تھی۔ بھارت کی طرف سے 27 فروری کو ڈوزئیر بھجوایا گیا تھا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پڑوسی ملک کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔

گزشتہ ماہ 27 فروری کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بتایا تھا کہ بھارت کی جانب سے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزیئر دفتر خارجہ کو موصول ہو گیا ہے، اگر ثبوت اس قابل ہوئے کہ کارروائی جائے تو پاکستان کارروائی کرے گا۔

8 مارچ کو بھارتی میگزین انڈیا ٹو ڈے نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے بھارتی ڈوزیئر مسترد کر دیے ہیں، جس پر دفتر خارجہ نے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے۔ بھارتی ڈوزیئر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جلد جواب دیا جائے گا۔

پلوامہ خودکش حملے میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے 50 اہل کار ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہا تھا کہ بھارت اس کا جواب دے گا۔ چند روز بعد بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کے علاقے بالاکوٹ کے نزدیک ایک پہاڑی مقام پر بم گرائے۔ بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے جیش محمد کا ایک بڑا تربیتی کیمپ تباہ کر دیا ہے جس میں 300 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

پاکستان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں کوئی کیمپ نہیں ہے اور اس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

اگلے روز پاکستانی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کے پار جوابی کارروائیاں کیں۔ جس میں دو بھارتی طیارے گرانے کا دعوی کیا گیا۔ ایک طیارہ پاکستانی حدود میں جب کہ دوسرا بھارت کنڑول کے علاقے میں گرا۔ پاکستان نے ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی پکڑ لیا جسے چند روز بعد خیر سگالی کے طور پر واپس بھیج دیا۔

XS
SM
MD
LG