رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 76 رنز سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کوہلی نے شاندار 107 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سریش رائنا نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 74 رنز اسکور کیے۔

بھارت نے پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ کے پول بی کے ایک میچ میں 76 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ایڈیلیڈ میں اتوار کو بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔

بھارت کو گو کہ 34 کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان روہت شرما کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا لیکن ویرات کوہلی اور شیکھر دھوون نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستانی باؤلروں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو قابل ذکر حد تک آگے بڑھایا۔

کوہلی کی اننگز کے آغاز پر ہی شاہد آفریدی کی ایک گیند پر یاسر شاہ بھارتی بلے باز کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے جس کے بعد کوہلی نے خوب جم کر کھیلا۔

شیکھر دھوون ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ کوہلی نے شاندار 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ تیسرے نمایاں بلے باز سریش رائنا تھے جنہوں نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 74 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کے سہیل خان نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارتی اننگز کے آخری اوور میں انھوں نے دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پاکستان کی طرف سے سہیل خان نے پانچ اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور جب اس کے تین اہم بلے باز یکے بعد دیگر آؤٹ ہوئے تو میچ پوری طرح سے بھارت کے پلڑے میں جاتا دکھائی دیا۔

لیکن کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو روایتی حریف کے ہاتھوں بری طرح ناکام ہونے سے بچایا تاہم وہ پاکستانی ٹیم کو فتح یاب کروانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ انھوں نے 76 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور نو چوکے شامل تھے۔

اس میچ کو ورلڈ کپ کا "بڑا مقابلہ" قرار دیا جا رہا تھا جسے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود 47 ہزار سے زائد تماشائیوں کے علاوہ پوری دنیا میں ایک اندازے کے مطابق ایک ارب سے زائد افراد اپنے ٹی وی اسکرینوں کے سامنے موجود رہے۔

XS
SM
MD
LG