رسائی کے لنکس

صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی کو بھارت میں میچ دیکھنے کی دعوت


پاک بھارت وزرائے اعظم (فائل فوٹو)
پاک بھارت وزرائے اعظم (فائل فوٹو)

بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ نے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی اور صدر آصف علی زرداری کو تیس مارچ کو دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کے عالمی کپ کا سیمی فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

یہ میچ بھارتی پنجاب کے شہر موہالی میں کھیلا جا رہا ہے۔

بھارت کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم سنگھ نے ایک خط کے ذریعے یہ دعوت نامہ پاکستانی رہنماؤں کو بھیجا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کے سیمی فائنل میچ کے بارے میں ’’بہت جوش وخروش پایا جارہا ہے اور ہم کرکٹ کے ایک عظیم مقابلے کے منتظر ہیں جو کھیل کی جیت ہوگی‘‘۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعہ کو بنگلہ دیش سے پہلے نئی دہلی اور پھر بھارتی شہر چندی گڑھ پہنچی جہاں وہ ہفتے کی صبح سے سیمی فائنل کی تیاری شروع کردے گی۔ نومبر سال 2008 میں ممبئی میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ بھارت میں میچ کھیلنے کے لیے پہنچی ہے۔

ان ہلاکت خیز حملوں کے بعد بھارت نے یک طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ جامع امن مذاکرات اور کھیلوں سمیت ہر طرح کے رابطے معطل کر دیے تھے کیونکہ بھارت حکام کا الزام تھا کہ ان واقعات میں پاکستانی انتہا پسند ملوث تھے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ دونوں ملکوں نے تعطل کا شکار امن مذاکرات کے سلسلے کو بھی اس ماہ سے بحال کرنے کا اعلان کررکھا ہے اور اس کا پہلا اجلاس پاک بھارت داخلہ وزارتوں کے وفود کے درمیان 28 مارچ کو نئی دہلی میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG