رسائی کے لنکس

پاکستان اور بھارت منشیات کی پیداوار اور ترسیل والے ممالک کی فہرست میں


پوست کی فصل
پوست کی فصل

پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں منشیات کی پیداوار تو اتنی زیادہ نہیں ہو رہی مگر اس کے ہمسایہ ملک افغانستان میں وسیع پیمانے پر پوست کی کاشت اور منشیات کی پیداوار ہوتی ہیں جس کی عالمی منڈیوں میں ترسیل کے لیے پاکستان کی سرزمین کو استعمال کیا جاتا ہے۔

صدر براک اوباما کی طرف سے وزیر خارجہ جان کیری کو بھیجی جانے والی ایک یادداشت میں بھارت، پاکستان اور افغانستان کے ناموں کو ان 22 ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن میں منشیات پیدا کی جا رہی ہیں یا ان کی نقل و حمل کی جاتی ہے جس سے ’’امریکہ نمایاں طور پر متاثر‘‘ ہو رہا ہے۔

یہ یادداشت فارن ریلیشنز آتھرائزیشن ایکٹ 2013ء کی شرائط کے تحت وزیر خارجہ کو منگل کو بھیجی گئی۔

باہاماس، بیلیز، بولیویا، کولمبیا، کوسٹا ریکا، ڈومینیکن رپبلک، ایکواڈور، ایل سلواڈور، گوئٹے مالا، ہیٹی، ہنڈورس، جمیکا، لاؤس، میانمار، میکسیکو، نیکاراگوا، پاناما، پیرو اور وینیزویلا بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ فہرست میں شامل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ملک انسداد منشیات کی کوششیں نہیں کر رہا بلکہ یادداشت میں یہ کہا گیا کہ اگر کسی حکومت نے انسداد منشیات کے قوانین نافذ کرنے کے بہت سخت اقدامات بھی کیے ہوں تو جغرافیائی، تجارتی اور اقتصادی عوامل مل کر اس ملک میں منشیات کی پیداوار یا نقل و حمل کا سبب بن سکتے ہیں۔

پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں منشیات کی پیداوار تو اتنی زیادہ نہیں ہو رہی مگر اس کے ہمسایہ ملک افغانستان میں وسیع پیمانے پر پوست کی کاشت اور منشیات کی پیداوار ہوتی ہیں جس کی عالمی منڈیوں میں ترسیل کے لیے پاکستان کی سرزمین کو استعمال کیا جاتا ہے۔

یادداشت میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں افغانستان میں دنیا میں سب سے زیادہ پوست کاشت کی گئی۔ ایک تخمینے کے مطابق 2014ء میں افغانستان نے 6,300 ٹن پوست پیدا کی۔

پاکستان کی انسداد منشیات فورس ملک میں منشیات کی نقل و حمل روکنے، منشیات کی طلب ختم کرنے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے عالمی تعاون میں مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ فورس نے گزشتہ مہینوں کے دوران کئی ارب روپے مالیت کی ہیروئن اور دیگر منشیات پکڑی ہیں۔

افغانستان سے غیر قانونی منشیات کی پاکستان آمد کو روکنے کے لیے فرنٹیئر کور نے بلوچستان میں آٹھ فٹ لمبی، دس فٹ چوڑی اور 500 کلومیٹر طویل خندق بھی کھودی ہے۔

یادداشت کے مطابق گزشتہ بارہ ماہ میں بولیویا، میانمار اور وینیزویلا انسداد منشیات کے عالمی معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے بامعنی اقدام میں ’’واضح طور پر ناکام‘‘ ہو ئے ہیں۔

اگر کوئی ملک عالمی معاہدوں اور میثاق کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرے تو امریکی صدر اس بات کا تعین کرتا ہے کہ یہ ملک انسداد منشیات میں ’’واضح طور پر ناکام‘‘ ہو گیا ہے۔

اگر کسی ملک کو ناکام قرار دے دیا جائے تو اس پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ مگر صدر اوباما نے برما اور وینیزویلا پر پابندیاں عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہاں جمہوریت کا فروغ امریکہ کے قومی مفاد میں ہے۔

XS
SM
MD
LG