رسائی کے لنکس

گومل زام ڈیم کا باضابطہ افتتاح


وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف
وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں امریکی معاونت سے تعمیر کیے گئے اس ڈیم سے بجلی کی پیداوار گزشتہ ماہ کے اواخر میں شروع ہو گئی تھی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں امریکی معاونت سے تعمیر کیے گئے گومل زام ڈیم کا جمعرات کو باضابطہ افتتاح کر دیا۔

تقریباً ساڑھے سترہ میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے اس ڈیم کی افتتاحی تقریب میں پاکستان میں متعین امریکہ کے سفیر رچرڈ السن نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 22 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس ڈیم سے پانی کی فراہمی ممکن ہونے سے علاقے میں ہزاروں ایکڑ اراضی قابل کاشت ہو جائے گی۔

گومل زام ڈیم سے بجلی کی پیداوار گزشتہ ماہ کے اواخر میں شروع ہو گئی تھی۔

پاکستان کو گزشتہ کئی برسوں سے توانائی کے بحران کا سامنا ہے جس میں بہتری کے لیے موجودہ حکومت نے نجی شعبے میں کام کرنے والے بجلی گھروں کو واجب ادا رقوم کی ادائیگی کے علاوہ کئی نئے منصوبوں کی تعمیر کے اعلانات بھی کیے ہیں۔

امریکہ جن شعبوں میں پاکستان کی معاونت کر رہا ہے اُن میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ بھی شامل ہے۔ امریکی اعانت سے جہاں گومل زام ڈیم کی تعمیر کی گئی وہیں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے موجودہ ڈھانچے میں بہتری کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

پاکستان کے شمالی علاقہ جات پر مشتمل گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں امریکی امداد سے سدپارہ ڈیم کی تعمیر جاری ہے جس سے دو لاکھ 80 ہزار سے زائد لوگوں کو بجلی مہیا ہوسکے گی۔
XS
SM
MD
LG