رسائی کے لنکس

عام انتخابات رواں سال 25 جولائی کو ہوں گے، 'سمری' منظور


فائل
فائل

موجودہ حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد، پاکستان میں آئندہ انتخابات رواں سال 25 جولائی 2018 کو ہونگے۔

اس مقصد کے لیے صدر ممنون حسین نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 2018 کے عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے 2018 کے عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سمری تیار کی تھی جس میں 25,26 اور 27 جولائی کو انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی تھی، یہ سمری منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھیجی گئی تھی جس پر صدر ممنون حسین نے دستخط کردیے ہیں۔

قانون کے مطابق، یہ سمری وزیر اعظم سیکرٹریٹ بھجوائی گئی جس نے 25 جولائی کی تاریخ کو انتخابات کے لیے مقرر کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے مطابق ملک میں 2018 کے عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے اور یوں ملک بھر میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کےانتخابات ایک ہی دن ہوں گے۔

انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ایک ہفتہ کے اندر الیکشن کمیشن الیکشن شیڈول جاری کرنے کا پابند ہے۔

25 جولائی کو عوام قومی اسمبلی کی272 جنرل نشستوں پر اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ 141 نشستیں پنجاب کی ہیں، جبکہ سندھ کی 61 اور خیبر پختونخوا کی 39 سیٹیں ہیں۔ بلوچستان سے16 ، فاٹا سے 12 اور اسلام آباد سےتین ارکان اسمبلی منتخب ہوں گے۔

اسی دن صوبائی اسمبلیوں کے ہونے والے انتخابات میں پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 297 ہے۔سندھ اسمبلی کے لیے130 نمائندے منتخب ہوں گے، جنرل نشستوں پر منتخب ہونے والے خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی کی تعداد 99 ہے، جبکہ بلوچستان اسمبلی میں 51 جنرل نشستیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG