رسائی کے لنکس

سیلاب سے تباہی دنیا کے لیے بھی چیلنج:سینیٹر جان کیری


سینیٹر کیری نے چکلالہ ائربیس پر پاکستانی صدر آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کی
سینیٹر کیری نے چکلالہ ائربیس پر پاکستانی صدر آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کی

امریکی سینٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان کیری نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں ایک انسانی المیہ ہے جن سے نمٹنا صرف پاکستان کے لیے نہیں بلک پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج ہے۔

جمعرات کو سیلاب سے متاثرہ بعض علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد صدر آصف علی زرداری کے ساتھ چکلا لہ ائر بیس پر ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جس طرح امدادی سرگرمیوں میں امریکہ نے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ہے سیلاب کے بعد تعمیر نو کے مرحلے میں بھی پاکستان کی مالی مدد کی جائے گی اور جو کیر ی لوگر بل کے تحت دی جانے والے امداد کے علاوہ ہو گی۔

سینیٹر کیری نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی جس تباہی کو میں نے آج دیکھا ہے دنیا کے کسی اخبار کا مضمون پڑھنے یا پھر ٹیلی فون پر بات کرنے سے وہ اس کا اندازہ نہیں لگا سکتے تھے۔ ”میلوں تک گھر تباہ ہوچکے ہیں، لوگ اپنا سب کچھ گنوانے کے بعد شدید گرمی میں کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور اور اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان اور اُن کے اضطراب میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘

ہم سب کو مل کر اس مسئلے سے نمٹنا ہو گا اس سے پہلے کہ لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے اور کسی کو اُن کی اس بے صبری کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا موقع ملے۔

انھوں نے کہا کہ صدر اوباما کی ہدایت پر کئی سو ملین ڈالر پاکستان کو فوری طور پر فراہم کیے جائیں گے جو توانائی اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں ، تعلیم، صحت اور سیلاب زدہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے استعما ل کیے جائیں گے۔

سینیٹر کیری نے کہا کہ ”ہم نے امریکہ میں بہت سی آفات دیکھی ہیں جن میں کترینا طوفان، خلیج میکسکومیں تیل کا رساؤ، ہیٹی میں آنے والا زلزلہ اور دنیا نے اس میں مدد کی ۔ لیکن جو کچھ پاکستان میں ہوا ہے وہ بہت بڑا نقصان ہے۔ “

XS
SM
MD
LG