رسائی کے لنکس

ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے دو ارب ڈالر کا پیکج


ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور نو آبادکاری کے لیے دوارب ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

اسلام آباد میں بینک کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں بتایا کہ اس رقم میں نرم شرائط پر قرضہ اور امداد دونوں شامل ہیں۔انھوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل جان میرانڈابھی پاکستان کے دوروزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں جہاں وہ متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بینک نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سیلاب کے متاثرین کولاحق تکالیف اور ملک کے سماجی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کرنا آسان نہیں لیکن یہ تاریخ کی ایک بدترین تباہی ہے جس سے نمٹنے کے لیے ردعمل بھی اتنے ہی بڑے پیمانے پر ہونا چاہیے۔

میرانڈا کا کہنا ہے کہ امدادی ادارے اگرچہ عطیات دے رہے ہیں لیکن ان کے مطابق ہنگامی ریلیف کے ساتھ ساتھ پاکستان کو تعمیر نو کے لیے دیرپا امداد کی فراہمی بھی نہایت ضروری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہمیں پاکستانی عوام کی زندگیوں میں دوبارہ امید اور وقار لانا ہے، پاکستان اپنی ضروریات کے لیے ہم سے امید لگائے ہوئے ہے اور ہمیں اسے مایوس نہیں کرنا“۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ اس کی طرف سے منظورکردہ دو ارب ڈالر فنڈ عالمی بینک کی شراکت سے تیار کی جانے والی نقصان کی جائزہ رپورٹ کے مطابق فراہم کیے جائیں گے۔بینک نے اس جائزے کے لیے پہلے ہی سو ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ٹرانسپورٹ، مواصلات، توانائی، صحت، صاف پانی اور صفائی،آبپاشی، سماجی تحفظ اور سرکاری انتظامیہ اور دوسرے شعبوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ مرتب کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG