رسائی کے لنکس

امریکہ امداد ی کارروائیوں کے لئےمزید ہیلی کاپٹردے گا


امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کچھ سیلاب زدہ علاقوں میں پانی اترنا شروع ہو گیا ہے مگر متاثرین کو امداد اور ان کی بحالی کے لئےعالمی برادری کو مزید عطیات دینے ہوں گے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کچھ سیلاب زدہ علاقوں میں پانی اترنا شروع ہو گیا ہے مگر متاثرین کو امداد اور ان کی بحالی کے لئےعالمی برادری کو مزید عطیات دینے ہوں گے۔

واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ میں پیر کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائیندے کے نائب ڈینیل فیلڈمین نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ اس وقت کئی علاقوں جن میں پنجاب کے علاقے بھی شامل ہیں میں سیلاب کاپانی چڑھ نہیں رہا بلکہ اتر رہا ہے مگر پانی کم ہونے سے بحران ختم نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولتوں اور گندے پانی جیسے مسائل کافی گھمبیر ہیں۔ کچھ علاقوں خاص طور پر سندھ میں حالات ابھی بھی خراب ہو رہے ہیں اور لوگوں کو امداد کی بہت ضرورت ہے۔

ڈینیل فیلڈمین نے کہا کہ امریکہ سیلاب زدہ علاقوں میں امداد ی کارروائیوں کے لئے ہیلی کاپٹروں کی تعداد میں اضافہ کرے گا اور عالمی برادری پر زور دے گا کہ وہ پاکستان کے لئے امداد جاری رکھے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک دنیا کے 60 ممالک نے پاکستان کو 70کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ہمارا اندازہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیلاب کے پروگرام کے لئے دو تہائی فنڈز دستیاب ہیں۔ مگر اب جب یہ بحران ہنگامی صورتحال سے بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں داخل ہوگا تو عطیات کی اشد ضرورت ہوگی۔

پاکستانی رہنماعالمی برادری پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ملک کے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے امداد جاری رکھے۔

XS
SM
MD
LG