رسائی کے لنکس

ہنگامی امداد کے لیے اقوامِ متحدہ کی اپیل پرنصف سے زائد رقوم موصول


اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان کےسیلاب زدگان کی ہنگامی امداد کے لیے گذشتہ ہفتے عالمی ادارے کی طرف سے46کروڑ ڈالر کی اپیل کے جواب میں آدھے سے زائد رقم وصول ہو چکی ہے۔

بین الاقوامی امداد دینے والوں کو کچھ دِنوں تک قائل کرنے کےبعد، اقوامِ متحدہ نےبدھ کو بتایاکہ اب تک 22کروڑ80لاکھ ڈالر کے لگ بھگ رقوم مل چکی ہیں۔ عہدے داروں نے بتایا ہے کہ مزید وعدوں کےبعد اس رقم میں اضافہ ہو گا اور اس طرح ہدف کا 58فی صد تک حاصل ہو جائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی ہمدردی سے متعلق امور کے معاون سکریٹری جان لومز نے کہا کہ رفتہ رفتہ دنیا اِس قدرتی آفت کی خطرناک شدت کو سمجھنے لگی ہے۔ اُنھوں نے امداد دینے والوں سے امداد ی کام میں تیزی لانےکو کہا۔

اقوامِ متحدہ کے عہدے داروں نےمتنبہ کیا ہےکہ صاف پانی، غذا اور سر چھپانے کی جگہ مہیا کرنے کےکام میں امداد کی عدم دستیابی کی صورت میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے اموات کے دوسرے مرحلے کا خطرہ لاحق رہے گا۔

بدھ کے دِن یورپی یونین نے پاکستان کے لیے انسانی بنیادوں پرامداد کی مد میں مزید تین کروڑ نوے لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا، جس کے بعد امداد میں دی جانے والی کل رقم نو کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی عرب میں ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس میں اسلامی ملکوں کی تنظیم نے رُکن ممالک اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ پاکستان کے لیے فوری امداد مہیا کی جائے۔
پوپ بینی ڈیکٹ نے بدھ کو روم سے باہر اپنے ہفتہ وار کھلے اجتماع سے خطاب میں سیلاب زدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اُن کی ٹھوس مدد کی اپیل کی۔

تین ہفتوں سے جاری مون سون بارشوں کے باعث پاکستان کے خیبر پختون خواہ، پنجاب، سندھ کے دو کروڑ افراد شدید سیلابی صورتِ حال سے دوچار ہیں۔ اندازاً 1600افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اقوامِ متحدہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 650000سے زائد افراد چھت سے محروم ہیں۔

پاکستان کے محکمہٴ موسمیات نے بدھ کے روز پیش گوئی کی ہے کہ اِس ہفتے کے دوران بارشیں نہیں ہوں گی، جو ایسے امدادی اداروں کے لیے اچھی خبر ہے جو سیلاب زدگان کے بچاؤ اور امدادی کام سے وابستہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG