رسائی کے لنکس

نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کر لیا


فریال تالپور
فریال تالپور

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کو گرفتار کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے رواں ہفتے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

نیب کی ٹیم نے پیر کو ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے فوری بعد سابق صدر کو اسلام آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا تھا لیکن فریال تالپور کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔

جمعے کو نیب کی ایک ٹیم نے فریال تالپور کو بھی اسلام آباد سے حراست میں لے لیا ہے۔

نیب کی طرف سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹو میں واقع ایک گھر کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔

فریال تالپور کو گرفتاری کے بعد زرداری ہاؤس میں ہی رکھا جا رہا ہے۔

سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے اندرون اور بیرونِ ملک منتقل کرنے کا الزام ہے۔

مذکورہ مقدمے میں آصف علی زرداری کے کئی قریبی ساتھی، سابق بینک کار اور صنعت کار بھی گرفتار ہیں جن سے تحقیقات جاری ہیں۔

سابق صدر زرداری کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 10 روز کے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا تھا۔ انہیں 21 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری اور فریال تالپور کے جعلی بینک اکاؤنٹس کے مقدمے میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کرتے آئے ہیں اور وہ نیب کی جانب سے جاری تحقیقات کو حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG