رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، ریکارڈز کے آئینے میں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ کل پیر کے روز میزبان ملک انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 87 ون ڈے انٹرنیشنل ہو چکے ہیں۔ پاکستان 31 اور انگلینڈ 53 میچ جیتا ہے۔ تین میچ نامکمل رہے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری 10 میچوں میں پاکستان کو صرف دو بار فتح حاصل ہوئی ہے۔

انگلینڈ میں دونوں ٹیمیں 47 بار سامنا کر چکی ہیں جن میں پاکستان کو 15 بار کامیابی اور 30 بار ناکامی ہوئی ہے۔ دو میچ بے نتیجہ رہے۔ ورلڈ کپ میں 9 مقابلے ہو چکے ہیں جن میں دونوں ٹیمیں چار چار میچ جیتیں۔ غیر فیصلہ کن میچ وہی تھا جو 1992 کے ورلڈ کپ کے دوران ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا اور اس ایک پوائنٹ کی بدولت پاکستان سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔ سرفراز احمد انگلینڈ کے خلاف 6 میچوں میں قیادت کر چکے ہیں جن میں صرف میچ ایک جیت پائے۔

مجموعی طور پر پاکستان 918 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکا ہے جن میں اسے 479 میں فتح اور 411 میں شکست ہوئی ہے۔ 8 میچ ٹائی ہوئے جبکہ 20 نامکمل رہے۔

پاکستانی ٹیم انگلینڈ کی سرزمین پر 83 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکی ہے جن میں اسے 33 میں فتح اور 48 میں شکست ہوئی ہے۔ دو میچ نامکمل رہے تھے۔

پیر کو کھیلا جانے والا میچ ناٹنگھم میں دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ ہو گا۔ پاکستان پہلے کھیلے گئے دونوں میچ ہار گیا تھا۔ پاکستان مجموعی طور پر اس شہر میں 14 ون ڈے کھیل چکا ہے جن میں سے 7 میں اسے جیت ملی اور 7 ہی ہارا۔ یاد رہے کہ 2001 کے بعد پاکستان یہاں کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان 72 میچ کھیل چکا ہے جن میں اسے 40 میں کامیابی اور 30 میں ناکامی ہوئی۔ دو مقابلے مکمل نہیں ہو سکے۔

سرفراز احمد اب تک 41 میچوں میں کپتانی کر چکے ہیں جن میں 21 میچ انھوں نے جیتے ہیں اور 18 ہارے ہیں۔ دو میچ مکمل نہیں ہوئے۔

پیر کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ ڈھائی بجے شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG