رسائی کے لنکس

یومِ ارض پر کراچی میں صفائی مہم


عالمی سطح پر 22 اپریل کو منائے جانے والے ’یومِ ارض‘ کے موقع پر پاکستان میں بھی اتوار کو مختلف ریلیاں اور سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے اور قدرتی وسائل کے منصفانہ استعمال پر روز دیا گیا۔

کراچی کے ساحلِ سمندر پر اسکول کے بچوں اور شہریوں نے ایک صفائی مہم میں حصہ لیا جس کا اہتمام امریکی کونسل خانے نے کیا تھا۔ اس مہم میں بچوں کے ساتھ امریکی کونسل خانے کے کئی اراکین بھی شریک ہوئے۔

کونسل خانے میں اقتصادی اُمور سے متعلق افسر ربیکا سیورن نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ بچوں کے ساتھ یومِ ارض کو منانے کا مقصد اُن میں صحت مند اور صاف ماحول کی اہمیت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

’’اس دن کا مقصد یہ یاد دہانی کرانا ہے کہ آپ ماحول کو خراب نا کریں، کوڑا کرکٹ کچرے دانوں میں پھینکیں، قدرتی وسائل کا بہرتین استعمال کریں، اور پانی و بجلی ضائع نا کریں۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ صفائی مہم میں بچوں پر خصوصی توجہ اس لیے دی گئی ہے تاکہ یہ عادتیں تا عمر اس کے ساتھ رہیں اور وہ دیگر لوگوں کو بھی ان کی تلقین کریں۔

اس موقعے پر مہم میں شریک بچوں نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی اہمیت سے واقف ہیں۔

’’اگر ہم ساحلِ سمندر کو صاف نہیں کریں گے تو آلودگی ہو جائے گی اور مچھلیاں اور کیکڑے مرتے جائیں گے۔‘‘

ساحلِ سمندر پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ اس مہم میں حصہ لینے والوں کا تعلق مختلف قومیتوں اور مذاہب سے ہے، اس لیے یومِ ارض نا صرف زمین کو ہر طرح کی آلودگی سے محفوظ رکھنے کا درس دیتا ہے بلکہ اُنھیں قومیت، رنگ اور نسل سے بالاتر ہو کر اس زمین کا شہری ہونے کا احساس بھی دلاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG