رسائی کے لنکس

چھ لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کروایا گیا ہے: بلیغ الرحمٰن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلیغ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بچوں کی ایک بڑی تعداد اسکولوں سے باہر ہونے کی وجہ ان کے گھروں سے تعلیمی اداروں کا بہت دور ہونا ہے۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمٰن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد چھ لاکھ ایسے بچوں کو اسکولوں میں داخل کروایا گیا جو تعلیم سے محروم تھے۔

اُن کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم و ثقافت یونیسکو کی حال ہی میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 6 سے 11 سال کی عمر کے تقریباً 54 لاکھ بچے پرائمری سطح کی تعلیم سے محروم ہیں۔

بلیغ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بچوں کی ایک بڑی تعداد اسکولوں سے باہر ہونے کی وجہ ان کے گھروں سے تعلیمی اداروں کا بہت دور ہونا ہے۔

’’بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کی بڑی وجہ کا جب ہم نے مطالعہ کیا تو وہ تعلیمی اداروں تک رسائی ہے، یعنی بچوں کے گھروں کے قریب اسکول موجود نہیں ہیں۔۔۔۔ اب حکومت کے لیے ممکن نہیں کہ جو دور دراز کی آبادیاں ہیں، وہاں اسکول بنائے اور ٹرانسپورٹ فراہم کرے ۔۔۔حکومت اپنے تئیں کوشش کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔‘‘

یونیسکو نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ برسوں میں اسکولوں میں جانے والی لڑکیوں کی شرح میں ماضی کے برعکس بہتری آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ پندرہ سالوں میں پاکستان کا تعلیمی بجٹ کم رہا ہے اور کل سالانہ بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لیے لگ بھگ 2 فیصد ہی مختص کیا جاتا رہا۔

یونیسکو کی رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کو تعلیم کے شعبے کے لیے مختص بجٹ میں اضافہ کرنا چاہیئے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کے لیے بھی یہ ایک بڑا چیلنج ہے۔

’’پاکستان میں سب سے بڑا چیلنج وسائل کی فراہمی ہے ہمارے پاس جذبہ بھی موجود ہے۔ پاکستان کے بہت کم علاقے ایسے تھے جہاں امن و امان کے مسائل کی وجہ سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ 2010ء میں سوات کو دہشت گردی سے پاک کر دیا گیا تھا اور جو اسکول تباہ کر دیے گئے تھے وہ اب دوبارہ بن رہے ہیں ۔۔۔۔ میں سمجھتا ہوں کہ تعلیم کے لیے وسائل کی ضرورت ہے کیونکہ ملک اور تمام صوبوں میں ایک عزم موجود ہے۔ اگرچہ صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں موجود ہیں لیکن تعلیم کے فروغ کےلیے وہ پر عزم ہیں۔‘‘

بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ مدارس کو بھی قومی دھارے میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG