پاکستان کے ایک ڈاکٹر نعیم تاج نے آپریشن کی جدید ٹیکنالوجی ’لیپروسکوپی‘ کی مدد سے 70 سالہ خاتون مریضہ کے ساڑھے پچیس سینیٹی میٹر پتے کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
دنیا میں اس سے قبل اتنے بڑے سائز کے پتے کا آپریشن لیپروسکوپی سے نہیں کیا گیا تھا اور ڈاکٹر نعیم تاج کی اس کامیاب سرجری پر ان کا نام ’گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ‘ میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نعیم تاج نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ’گینز بک‘ میں ان کے نام کی شمولیت پوری قوم کا اعزاز ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھارت کے ایک سرجن نے سرجری کر کے 24 سینٹی میڑ بڑا پتہ نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سرکاری اسپتال میں زیر علاج 70 سالہ رشیدہ بی بی کے پتے کا سائز ساڑھے پچیس سینٹی میٹر تھا اور ڈاکٹر نعیم نے بغیر پیٹ کاٹے ناف کے ذریعے صرف ایک سینٹی میٹر کا کٹ لگا کر یہ آپریشن کیا۔
’’بہت سے پتھر تھے جس میں بڑی آنت چھوٹی آنت لیور میدہ سب کے ساتھ یہ چپکا ہوا تھا اور آپریشن کے درمیان کئی مسائل ہو رہے تھے کیونکہ اتنے بڑے پتے کو اتنے چھوٹے کٹ سے نکالنا مشکل تھا۔‘‘
ڈاکٹر نعیم تاج نے بتایا کہ انسانی پتے کا اوسط سائز 5 سے 10 سینٹی میٹر ہوتا ہے۔ ’’پتہ 5 سے 10 گنا بڑا تھا اور اس آپریشن کو مکمل کرنے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگا۔‘‘
اُنھوں نے بتایا کہ ستر سالہ رشید بی بی بالکل صحت مند ہیں۔ ’’آپریشن کے بعد سو فیصد یقین تھا کہ یہ کامیاب ہوا ہے اور اگلے دن مریض اٹھ کر کھانا کھا رہی تھی واک کر رہی تھی اور اپنے گھر کو چلی گئی تھیں۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں علاج کی جدید ترین سہولیات موجود ہیں اور لیپروسکوپی کے ذریعے سرجری سے بغیر کٹ لگائے مریض کا کامیاب آپریشن ممکن ہے۔
’’پاکستانی سرجن دنیا میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں۔ ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے اور پائینئیر آف سرجری بھی مسلم سرجن تھے۔ اللہ نے ہمیں اتنی کوالٹی دی ہوئی ہیں کہ ہم دنیا کے کسی بھی سرجن اور ٹیم سے مقابلہ کر سکتے ہیں اگر ہمیں ذرائع اور مواقع فراہم کیے جائیں۔‘‘