رسائی کے لنکس

پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا


وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

پاکستان کے وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کمزور فوجی قوت بیرونی جارحیت کو دعوت دیتی ہے اس لیے اُن کا ملک اپنی دفاعی صلاحیت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا مگر ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا۔

اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں دفاعی ساز و سامان کی سالانہ بین الاقوامی نمائش ’’آئیڈیاز 2012‘‘ کی جمعہ کو اسلام آباد میں ہونے والی رسمی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ یہ نمائش 7 سے 11 نومبر تک کراچی میں منعقد ہوگی۔

وزیرِ اعظم گیلانی نے افواج کی قوت میں اضافے کے مقاصد سے متعلق قیاس آرائیوں کو رد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔

’’لیکن ہم اپنی علاقائی سلامتی کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پُر عزم ہیں، اسی وجہ سے ہمیں روایتی افواج میں توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے جنھیں کم از کم اور قابل اعتماد جوہری صلاحیت دستیاب ہو۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کی صلاحیت کی بنیاد دفاعی ضروریات ہیں اور پائیدار امن ہمیشہ سے ان کا حتمی مقصد رہا ہے۔

’’پاکستان نہیں چاہتا کہ اس کو ہتھیاروں کی دوڑ میں گھسیٹا جائے کیوں کہ لوگوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سرِ فہرست ہے۔‘‘

خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے سلسلے میں عالمی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے اس مقصد کے حصول کی خاطر ’’غیر معمولی قربانیاں‘‘ دی ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ان مسائل کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کی ضرورت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ اس ’’سرطان‘‘ کا پائیدار حل ایک ایسی مربوط حکمت عملی اپنانا ہے جو ناصرف ان مسائل کی جڑ سے نمٹے بلکہ لوگوں کی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنائے۔

’’میں عالمی برادری سے درخواست کروں گا کہ وہ آگے آ کر دیرینہ تنازعات کے پُرامن حل سمیت تمام چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کا ہاتھ آگے بڑھائے۔‘‘

XS
SM
MD
LG