رسائی کے لنکس

پاکستان میں یوم آزادی منانے کی تیاریاں زوروں پر


کراچی شہر کے مختلف بازاروں میں یوم آزادی کے حوالے سے جھنڈے بیجز اور دیگر اشیا کی فروخت کیلئے خصوصی اسٹالز لگائے گئے ہیں ​​

پاکستان بھر کے عوام کل 14 اگست کے دن 66 واں یوم آزادی منائیں گے، جس سلسلے میں ملک کے ہر شہر اور ہر حصے میں 'یوم آزادی‘ کی تیاریوں کو آخری شکل دی جارہی ہے۔

جشن پاکستان کے حوالے سے
کراچی کے شہری بھی، ہمیشہ کی طرح، سرگرم عمل ہیں۔

اس سلسلے میں، کراچی شہر کے مختلف بازاروں میں ہرطرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے، جہاں جھنڈے، جھنڈیاں اور بیجز سمیت مختلف اشیا فروخت کی جارہی ہیں۔ ان دکانوں اور اسٹالز پر شہریوں سمیت بچوں کا کافی رش دیکھنے میں آرہا ہے۔


’وی او اے‘ کی نمائندہ نے کراچی کی کاغذی بازار کا دورہ کیا جہاں بڑی تعداد میں نوجوان اور بچوں سمیت بڑے بھی یوم آزادی کی تیاریوں کیلئے جھنڈے اور جھنڈیاں، بیجز خریدتے دکھائی دئے۔ ان اشیا کی فروخت کیلئے خصوصی اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

ان اسٹالوں پر چھوٹے بڑے قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز سمیت بچوں کے ہیٹ، ہینڈ بینڈز، چوڑیاں، کڑے، غبارے ماتھے کی پٹیاں اور بچوں کے یوم آزادی کے پرنٹڈ اور جھنڈے والی سبز رنگ کی ٹی شرٹس اور سوٹ مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں۔

بچوں کی ٹی شرٹس کے اسٹال پر خریداری کرنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ، ’بچوں کو عید کے کپڑوں کے بعد اب 14اگست کے کپڑے دلوانے کا رواج بھی پڑ گیا ہے
۔

ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی بچے ضد کرتے ہیں کہ ہمیں بھی 14 اگست والے ہرے رنگ کے کپڑے، جھنڈے اور بیجز بھی چاہئیں۔


جھنڈے فروخت کرنےوالے ایک دکاندار نے بتایا کہ، ’گذشتہ سال کی نسبت اس سال رش میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جسمیں بچوں کی اشیا سمیت بڑے بڑے پرچم زیادہ فروخت ہورہے ہیں۔

بڑوں کے ساتھ بچے بھی یوم آزادی منانے کیلئے پرجوش دکھائی دیتے ہیں
۔ بچوں کی گرمیوں کی چھٹیاں ہوں اور ہاتھ میں عیدی ایسے میں بچوں کا دل اپنی من پسند اشیا خریدنا چاہتا ہے۔

جھنڈے خریدنے والے ایک بچے نے بتایا کہ اسکولوں کی چھٹیاں ہیں اس بار 14 اگست گھر پر منائیں گے، اور ایسے میں اپنے گھر پر بڑا جھنڈا اور جھنڈیاں لگانا چاہتے ہیں۔ اور یہ خریداری عیدی کے پیسوں سے کریں گے۔


بچے کیا بڑے کیا، ہر کوئی جشن آزادی کو بھرپور جوش و خروش سے منانے کے لئے تیاریوں میں مگن ہے۔

عیدالفطر کی میٹھی خوشیوں کے چند دن بعد آنےوالی 14 اگست نے پاکستانی عوام کو ایک بار پھر خوشی کا موقع فراہم کیا ہے، وہیں گرمیوں کے چھٹیوں کے اختتام پر بچوں کو ایک اور تفریح میسر آگئی ہے۔
XS
SM
MD
LG