رسائی کے لنکس

اسلام آباد: ڈی ایٹ ممالک کی تجارتی نمائشں کا آغاز


وزیراعظم اشرف نمائش کا افتتاح کررہے ہیں
وزیراعظم اشرف نمائش کا افتتاح کررہے ہیں

نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رکن ملکوں کے درمیان تجارت کا فروغ خوش آئند ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آٹھ ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ’ڈی ایٹ‘ کے کمیشن کا دو روزہ اجلاس پیر کو شروع ہو گیا ہے جس میں رکن ممالک کے اعلیٰ عہدیدار باہمی تجارت سے متعلق اُمور پر مذاکرات کریں گے۔

ترکی، ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، مصر، نائجیریا اور پاکستان ڈی ایٹ تنظیم میں شامل ہیں۔

تنظیم کے رکن ممالک کا سربراہ اجلاس 22 نومبر کو ہو گا اس سے قبل ڈی ایٹ ملکوں کے وزراء خارجہ ملیں گے۔

قبل ازیں ڈی ایٹ ممالک کی چار روزہ تجارتی نمائش پیر کو اسلام آباد میں شروع ہوئی جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رکن ملکوں کے درمیان تجارت کا فروغ خوش آئند ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ نمائش سے ڈی۔ایٹ ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے، تاجر برادری کو قریب لانے اور مشترکہ منصوبوں کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔

نمائش میں ہر رکن ملک کے لیے علیحدہ پویلین یا جگہ مختص کی گئی ہے جہاں حلال خوراک، ملبوسات اور چمڑے کی مصنوعات سمیت اپنے اپنے ملکوں کی دیگر مصنوعات رکھی ہیں۔

ڈی ایٹ میں شامل ممالک کی مجموعی آبادی لگ بھگ ایک ارب افراد پر مشتمل ہے اور ان ملکوں کا تجارتی حجم تقریباً دس کھرب ڈالر ہے۔ تنظیم کے رکن ملکوں کی کوشش ہے کہ 2018 تک آپس کی تجارت کا حجم بڑھا کر 500 ارب ڈالر ہوجائے۔
XS
SM
MD
LG