پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپرذوالقرنین حیدر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے جس کے بعدان کا دبئی سے اچانک غائب ہوکر لندن میں نمودار ہونے کا معمہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔
24سالہ ذوالقرنین حیدر پیر کودبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین آخری اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ سے قبل اچانک اپنے ہوٹل سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں یہ اطلاعات منظر عام پر آئیں کہ انھیں نامعلوم شخص کی طرف سے دھمکیاں مل رہی تھیں جس کے بعد وہ خاموشی سے لندن روانہ ہوگئے ۔ تاہم ذوالقرنین نے ان دھمکیوں کی وضاحت دینے سے گریز کیا۔
منگل کو پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپرنے کہا کہ انھیں اور ان کے گھر والوں کو دھمکیاں مل رہی تھیں اور وہ اس دباؤ کو برداشت نہیں کرسکتے لہذا وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرہورہے ہیں اعلان کرتے ہیں۔
ذوالقرنین حیدر اس وقت لندن میں ہیں اور انھوں نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست کررکھی ہے۔