رسائی کے لنکس

یاسرشاہ ’آئی سی سی‘ کی درجہ بندی میں سرفہرست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں یاسر شاہ نے انگلینڈ کے خلاف ایک میچ میں 10 وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی ’آئی سی سی‘ کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے باؤلروں کی نئی درجہ بندی کے مطابق 20 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کے لیگ سپنر یاسر شاہ پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔

اس سے قبل 1996ء میں پاکستان کے لیگ سپنر مشتاق احمد ’آئی سی سی‘ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آئے تھے۔

’آئی سی سی‘ کی طرف سے نئی درجہ بندی کا یہ اعلان ایسے وقت ہوا جب ایک روز قبل یعنی اتوار کو پاکستان نے لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی۔

جس کے بعد پاکستان کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی یے۔

لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں یاسر شاہ نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں چھ جب کہ دوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

مجموعی طور پر ایک میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر اُنھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یاسر شاہ نے اپنے کریئر کا آغاز 2014ء میں کیا تھا اور اب تک وہ 13 ٹیسٹ میچوں میں 86 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

کرکٹ کے تجزیہ کار احتشام الحق نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ یاسر شاہ کی یہ کامیابی پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے لیے بہت اہم ہے۔

احتشام الحق کا کہنا تھا کہ لارڈز کے کرکٹ میدان میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی سے یقینناً ملک میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی 20 سال بعد لارڈز میں کامیابی کو ملک میں میڈیا پر نمایاں کوریج ملی اور اس مناسبت سے خصوصی رپورٹیں بھی نشر کی گئیں۔

XS
SM
MD
LG