رسائی کے لنکس

پاکستان 190 پر آؤٹ، جنوبی افریقہ کو 149 رنز کا ہدف


جنوبی افریقہ کے کھلاڑی اسد شفیق کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی اسد شفیق کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز بنا سکی اور جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لئے 149 رنز کا ہدف ملا۔

سینچورین ٹیسٹ کے دوسرے روزپہلی اننگز میں 42 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں مڈل آرڈر کی ناکامی کے باعث 190رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یوں جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 149 رنز کا ہدف ملا ہے۔ جنوبی افریقی بولر اولیویئر نے میچ میں 11 وکٹیں لیں۔

ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے سبب جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 223تک محدود رہتے ہوئے 42رنز کی برتری لے سکی تھی۔باووما 53 اور ڈی کوک 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان نے 42 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی، اوپنرز امام الحق اور فخرزمان نے جلد ہی جنوبی افریقہ کی برتری ختم کر دی لیکن ابھی اسکور 44 رنز پر ہی تھا کہ فخر زمان گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے شان مسعود بیٹنگ میدان میں اُترے اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 57 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 101 تک پہنچادیا لیکن امام الحق 57 رنز بناکر چائے کے وقفے کے بعد اولیویئر کے پہلے ہی اوور میں کلین بولڈ ہوگئے۔

ٹاپ آرڈر کی اچھی بیٹنگ کے باعث ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ لیکن امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا نقشہ یکسر تبدیل ہو گیا اور پاکستان کی بیٹنگ لائن پروٹیز بولرز کی تباہ کن بولنگ کا جھٹکا برداشت نہ کر سکی اور مخدوش عمارت کی طرح زمین بوس ہو گئی۔

اسکور میں صرف دو رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ اگلے ہی اوور میں ربادا نے اظہر علی کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس بھیج دیا۔

اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ڈیل اسٹین کے ایک اوور کی پانچویں گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیئے جانے کے بعد ریویو لینے پر ناٹ آؤٹ قرار دئے گئے۔ تاہم اگلی ہی گیند پر غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہر جاتی ہوئی ڈلیوری سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پہلی اننگز میں 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 6 رنز بناکر ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے کپتان سرفراز احمد دوسری اننگز میں بھی کھاتہ نہ کھول سکے اور صرف 2 گیندوں کا سامنا کر کے ربادا کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ محمد عامر 16 اور یاسر شاہ کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود نے اس مشکل صورتحال میں دوسرے اینڈ کو سنبھالے رکھا لیکن 65 رنز کی اننگز کھیل کر وہ بھی ہمت ہار گئے اور ڈیل اسٹین کی گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے صرف 4 رنز پر پویلین کی راہ لی۔

پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز بنا سکی اور جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لئے 149 رنز کا ہدف ملا۔

چائے کے وقفے پر پاکستان نے 100 رنز بنائے تھے اور اُس کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا لیکن کھیل کے آخری سیشن میں 90رنزبنے اور 9کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

پاکستان ٹیم کی تباہی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اولیویئر نے 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ میں مجموعی طور پر11 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل پاکستان فاسٹ بولرز کی عمدہ اور نپی تلی بولنگ کے باعث جنوبی افریقہ کی ٹیم کھیل کے پہلے ہی سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 223 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔

میزبان ٹیم نے 127رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی اور اسکور میں 94 رنز کے اضافے پر مزید پانچ وکٹیں گنوا دیں۔

محمد عامر نے ابتداء ہی میں ٹیم کو کامیابی دلائی اور ڈیل اسٹین کو 23 رنز پر وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

پاکستان کے لئے مسلسل خطرہ بننے والے گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین باووما کو شاہین آفریدی نے 53 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے بھی بولرز کا جم کر سامنا کیا اور 45 رنز بنائے۔

باووما اور ڈی کوک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 223 رنز بنا لئے اور پاکستان کے خلاف 42 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین آفریدی نے چار، چار جبکہ حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG