پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گئی اور کپتان سرفراز احمد اور شان مسعود کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقہ کے تیز بالروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور یوں پوری ٹیم صرف 177 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یہ موجودہ ٹیسٹ سیریز میں مسلسل تیسری مرتبہ ہے کہ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف اچھا سکور کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ یوں اس میچ پر جنوبی افریقہ کی گرفت بظاہر مضبوط ہو گئی ہے۔
جنوبی افریقہ نے اس میچ کیلئے ٹیم میں سٹین، فلانڈر، ربادا اور اولیوئر سمیت چار تیز بالر شامل کئے۔ اولیوئر سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے اور اُنہیں چار وکٹیں حاصل کیں۔ اُن کے علاوہ سٹین نے تین، ربادا نے دو اور فلانڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز خراب رہا اور صرف 19 رنز پر تین بیٹسمین اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔ اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد اسد شفیق اور شان مسعود کی رفاقت میں کچھ رنز بننے شروع ہوئے اور اس بات کی اُمید پیدا ہونے لگی کہ پاکستانی ٹیم مناسب سکور کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تاہم اس موقع پر اسد شفیق 20 رنز کے سکور پر ربادا کی گیند پر ایلگر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسد شفیق اس سیریز میں اب تک کوئی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں اور اُن کی خراب کارکردگی کی وجہ سے مبینہ طور پر کوچ مکی آرتھر سے اُن کی سخت الفاظ میں بات چیت ہوئی تھی اور بتایا جاتا ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں اُنہیں کھلانے کے حق میں نہیں تھے۔ تاہم کپتان سرفراز احمد کے اصرار پر اُنہیں ٹیم میں شامل رکھا گیا تھا۔
اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم آئے لیکن اُنہوں نے بھی صرف دو رنز بنا کر پیویلین کی راہ لی۔ اس موقع پر شان مسعود اور کپتان سرفراز احمد کے درمیان اچھی پارٹنرشپ ہوئی اور ان دونوں نے سکور میں اضافہ کرنا شروع کر دیا۔ اس دوران سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیرئر کی 18 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ شان مسعود 44 اور سرفراز 56 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد عامر 22 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ یوں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 177 بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کے 177 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری ہے اور اُس نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا لئے ہیں۔ افتتاحی بیٹسمین مارکرم آج کے کھیل کی آخری گیند پر 78 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اُن کی وکٹ شان مسعود کے حصے میں آئی۔ جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ایلگر تھے جنہیں محمد عامر نے وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ ھاشم آملہ 24 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کو پاکستانی ٹیم کا سکور برابر کرنے کیلئے 54 رنز درکار ہیں جبکہ اُس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ یوں جنوبی افریقہ نے اس میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔