رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان


جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان
جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

ٹیم کے سلیکٹرز کے مطابق بلے باز مصباح الحق ٹیم میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور محمد یوسف کو بھی ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف کرکٹ سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے تاہم کپتان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

جمعرات کے روز پی سی بی کے ہیڈکوارٹر میں ٹیم کے سلیکٹرز کے اجلاس اور بورڈ حکام کی ملاقاتوں کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بلے باز مصباح الحق ٹیم میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ محمد یوسف کو بھی ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔

تاہم سابق کپتان یونس خان اس بار بھی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوپائے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے میچ فکسنگ کے الزامات کے باعث عارضی پابندی کا سامنا کرنے والے سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کے نام بھی پندرہ رکنی اسکواڈ کیلیے سلیکٹرز کے زیرِ غور نہیں آئے۔

وکٹ کیپر کامران اکمل کی ٹیم میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط قرار دی گئی ہے جبکہ ان کی جگہ ذوالقرنین حیدر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کامران اکمل کا حال ہی میں اپینڈکس کا آپریشن ہوا ہے۔

پندرہ رکنی پاکستانی اسکواڈ میں عمران فرحت، محمد حفیظ، محمد یوسف، مصباح الحق، عمر اکمل، اسد شفیق، فواد عالم، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، عمر گل، سعید اجمل، عبدالرحمٰن، شعیب اختر، تنویر احمد اور ذوالقرنین حیدر شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم چھبیس اکتوبر سے چوبیس نومبر تک متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG