پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر لارڈز ٹیسٹ کے دوران سلو اوور ریٹ پر اُن کی میچ فیس کے 60 فیصد کے برابر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اُن کے علاوہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں ہ پر بھی اُن کی میچ فیس کے 30 فیصد کے برابر جرمانہ کیا گیا ہے۔
یہ جرمانہ آن فیلڈ امپائروں پال ریفیل اور راڈ ٹکر کے ساتھ ساتھ تھرڈ امپائر بروس آکسن فورڈ اور فورتھ امپائر راب بیلی کی شکایت پر عائد کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC کے بیان کے مطابق یہ جرمانہ میچ ریفری جیف کرو نے عائد کیا ہے کیونکہ دستیاب وقت کو دیکھتے ہوئے امپائروں نے شکایت کی کہ پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت میں تین اوور کم کرائے تھے۔
کپتان سرفراز احمد نے یہ سزا قبول کر لی جس کے بعد اس کیس کی سماعت منسوخ کر دی گئی۔
آئیندہ کھیلے جانے میچوں میں سرفراز احمد کو اوور ریٹ کے معاملے میں خاص طور پر احتیاط برتنی ہو گی کیونکہ
اگر پاکستانی ٹیم اگلے 12 ماہ کے اندر دوبارہ یہ غلطی کرتی ہے تو کپتان پر ایک میچ کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
آئی سی سی کے رولز کے مطابق مقررہ اوورز سے کم کرائے گئے ہر اوور پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ کپتان کا جرمانہ کھلاڑیوں کے مقابلے میں دگنا ہوتا ہے۔