رسائی کے لنکس

ذکا اشرف بطور پی سی بی چیئرمین پھر بحال


 ذکا اشرف ( فائل فوٹو )
ذکا اشرف ( فائل فوٹو )

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے موجودہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔

پاکستان کی ایک عدالت نے ذکا اشرف کو ایک بار پھر چیئرمین کرکٹ بورڈ کے عہدے پر بحال کرتے ہوئے موجودہ سربراہ نجم سیٹھی کی تقرری کالعدم قرار دے دی ہے۔

رواں سال فروری میں وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ کا انتظامی بورڈ تحلیل کر تے ہوئے معاملات کو چلانے کے لیے گیارہ رکنی کمیٹی قائم کی اور بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کو اُن کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

وزیراعظم کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں اور اُنھوں نے یہ اقدامات بورڈ کے آئین میں ترمیم کرتے ہوئے کیے تھے۔

انتظامی بورڈ کی تحلیل کے بعد نئی مینجمنٹ کمیٹی نے ایک ہنگامی اجلاس میں نجم سیٹھی کو بطور چیئرمین منتخب کیا تھا۔

اس فیصلے کے خلاف ذکا اشرف نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی جس پر ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے انھیں اس عہدے پر بحال کردیا۔

عدالتی فیصلے میں 10 فروری کو بورڈ کی عبوری کمیٹی کو بھی ختم کرنے حکم دیا۔

ذکا اشرف نے دو ہزار گیارہ میں بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔ گزشتہ سال قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور ان کے چیئرمین منتخب ہونے کے طریقہ کار میں بے ضابطگیوں کے الزامات پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے انھیں کام کرنے سے روک دیا تھا مگر اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے پر انھیں رواں سال جنوری میں بحال کر دیا گیا تھا۔
نجم سیٹھی (فائل فوٹو)
نجم سیٹھی (فائل فوٹو)

نجم سیٹھی نے صحافیوں سے گفتگو میں عدالتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان یہ حکومت اور ذکا اشرف کا معاملہ ہے "میرا تو اس میں کچھ نہیں ہے۔"

"بہت سی خوشخبریاں دینا چاہ رہا تھا مگر اب کچھ ٹھہر جائیں کچھ دیکھ لیں، ایسی ایسی خوشخبریاں ہیں کہ اگر وہ ڈی ریل ہو گئیں تو سب کا نقصان ہوگا۔ ہم ایک غیر ملکی ٹیم کے ساتھ معاملات طے کر رہے تھے کہ وہ لاہور میں آکر کھیلے اس کے علاوہ بھی آپ کے سامنے ہیں جو تبدیلیاں ہم نے کی ہیں خوشحالی کے لیے، ہم سب کی امید ہے کہ جو کچھ بھی ہو وہ پاکستانی کرکٹ کے لیے بہتر ہو اور اچھا ہو۔"

کرکٹ کے انتظامی معاملات میں اوپر تلے ہونے والی ان تبدیلیوں کے اثرات مبصرین کے بقول ٹیم کی کارکردگی اور پاکستان میں اس کھیل کے مستقبل پر بھی پڑیں گے۔
XS
SM
MD
LG