رسائی کے لنکس

شریف خاندان کے نام اِی سی ایل میں ڈالنے کی درخواستیں مسترد


نواز شریف کے بیٹے اور بیٹی
نواز شریف کے بیٹے اور بیٹی

درخواست گزاروں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ وہ وزارت داخلہ کو نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز، داماد محمد صفدر اور سمدھی وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے

سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے اہل خانہ اور وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کے نام بیرون ملک سفر کرنے کی ممانعت والی فہرست (اِی سی ایل) میں ڈلوانے کے لیے دائر درخواستیں عدالت عالیہ نے خارج کر دی ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس ضمن میں دو مختلف درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن میں استدعا کی گئی تھی کہ چونکہ پاناما پیپرز معاملے کی مزید تحقیقات سے بچنے کے لیے شریف خاندان کے افراد بیرون ملک جا سکتے ہیں، لہذا ان کے نام اِی سی ایل میں ڈالے جائیں۔

درخواست گزاروں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ وہ وزارت داخلہ کو نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز، داماد محمد صفدر اور سمدھی وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے۔

درخواستوں کی سماعت کرنے والے ایک رکنی بینچ کے جج جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت عدالت ان افراد کے نام اِی سی ایل میں ڈالے اور کیا اس ضمن میں متعلقہ فورمز سے رابطہ کیا گیا۔

اس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انھیں متعلقہ فورمز سے جواب نہیں ملا۔ تاہم، ایگزٹ کنٹرول لسٹ کے قواعد کے مطابق، عدالت اس پر فیصلہ دے سکتی ہے۔

تاہم، جج سے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

گزشتہ ماہ عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی بینچ نے پاناما پیپرز معاملے کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نا اہل قرار دیا تھا، جب کہ شریف خاندان اور اسحٰق ڈار کے خلاف احتساب بیورو کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG