رسائی کے لنکس

فرانسیسی عوام کے درد کو سمجھ سکتے ہیں: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے فرانس میں ٹرک سے کیے گئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں قومی دن کی خوشیاں منانے والے بچوں، خواتین اور مردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان نے فرانس میں ٹرک سے کیے گئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں قومی دن کی خوشیاں منانے والے بچوں، خواتین اور مردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

فرانس کے شہر نیس میں جمعرات کو ’’بیسل ڈے‘‘کے موقع پر قومی دن کی تقریبات کے لیے بڑی تعداد میں مرد و خواتین اور بچے جمع تھے کہ ایک شخص نے تیز رفتار ٹرک لوگوں پر چڑھا دیا۔

اس ٹرک حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے فرانسیسی عوام و حکومت سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بین الاقوامی برداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی ایک بیان میں فرانس میں ہونے والے حملے میں انسانی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ کھڑا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بطور صف اول کے ایک ملک کے پاکستان کو ایسے کئی سانحات کا سامنا رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس نازک مرحلے پر فرانسیسی عوام کے دکھ اور درد کو سمجھ سکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پیرس میں ایک ہی روز ہونے والے دہشت گردوں کے مربوط حملوں میں 130 سے زائد افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے جب کہ جنوری 2015 میں پیرس کے ایک جریدے کے دفتر پر حملے میں 17 افراد مارے گئے تھے۔

فرانس میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی عالمی سطح پر شدید مذمت کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ملک میں سکیورٹی انتہائی سخت ہے۔

XS
SM
MD
LG