پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے مہلک بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے ہفتے کو ایک بیان میں بم دھماکوں کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔
ہفتہ کو کابل میں ہزارہ برداری کے ایک بڑے مظاہرے کے قریب بم دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے جس کے خلاف لڑنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والے صف اول کے ایک ملک کے طور پر پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے نزدیک انسانیت کا کوئی احترام نہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی کارروائیوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نے افغان حکومت اور عوام سے اس مشکل وقت میں یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گری و انتہا پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں اُن کا ملک افغان حکومت سے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔