پاکستان نے شمالی کوریا کی طرف سے 28 جولائی کو کیے گئے بیلسٹک میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدام سے جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کی کوششیں متاثر ہوں گی۔
پاکستانی وزارت خارجہ سے پیر کو جاری ایک بیان میں شمالی کوریا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جس سے خطے اور اس سے باہر کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ فریق کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ، جنوبی کوریا اور چین بھی شمالی کوریا کی طرف سے حال ہی میں کیے گئے بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کر چکے ہیں۔
شمالی کوریا نے 28 جولائی کو بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جو حالیہ ہفتوں میں پیانگ یانگ کی طرف سے بیلسٹک میزائل کا کیا جانے والا دوسرا تجربہ تھا۔
اس میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا اور امریکہ کے دفاعی عہدیداروں نے بتایا تھا کہ پیانگ یانگ کی طرف سے فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل لگ بھگ 45 منٹ تک فضا میں رہا اور جاپان کے دوسرے بڑے جزیرے ہاکیڈو کے مغرب میں 160 کلومیٹر کے فاصلے پر سمندری حدود میں جا گرا۔