رسائی کے لنکس

زمبابوے کے خلاف سیریز پاکستان کے نام، بابر نے کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا


پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں 24 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ ادھر بابر اعظم نے تیز ترین 2000 رنز بنا کر بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔

اتوار کو ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان نے صرف 60 گیندوں پر 91 رنز کی شان دار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

کپتان بابر اعظم نے 46 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

شرجیل خان 18 جب کہ فخر زمان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا کر زمبابوے کو میچ جیتنے کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں زمبابوے کا آغاز اچھا رہا اور ایک موقع پر ایسا دکھائی دینے لگا کہ زمبابوے یہ میچ جیت سکتا ہے۔ تاہم بعدازاں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور مقررہ 20 اوورز میں زمبابوے کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار اوورز میں صرف 18 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

محمد حسنین نے چار اوورز میں 26 رنز دے کر ایک، فہیم اشرف نے چار اوورز میں 30، حارث رؤف نے چار اوورز میں 34 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حسن علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بابر اعظم تیز ترین دو ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے بلے باز

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین دو ہزار رنز بنا کر بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔

بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 52 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا جب کہ وراٹ کوہلی نے 56 اننگز میں دو ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

اس سے قبل بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بلے باز کی پوزیشن حاصل کر لی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

پہلا ٹیسٹ 29 اپریل جب کہ دوسرا ٹیسٹ سات مئی سے شروع ہو گا۔ دونوں میچز ہرارے میں کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG