رسائی کے لنکس

بابر کی جارحانہ نصف سینچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا


پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے اپنے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے 18.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کپتان بابر اعظم نے11 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 79رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس میچ میں پاکستان نے اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے نمبر چار پوزیشن پر شاداب خان کو آزمایا جنہوں نے 22 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کو کھیل کے آغاز پر ہی نقصان اُٹھانا پڑا جب اوپنر فن ایلن 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بعدازاں کپتان کین ولیمسن بیٹنگ کے لیے آئے اور ڈیون کانوے کے ساتھ مل کر اسکور 77 تک پہنچا دیا۔ تاہم دونوں بیٹرز کو پاکستانی بالرز نے کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

کانوے 35 گیندوں پر 36 جب کہ ولیمسن 30 گیندوں پر 31 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 32 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ گلین فلپس 18، جیمز نیشم پانچ رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے اپنی شان دار فارم برقرار رکھتے ہوئے چار اوورز میں 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

شاہنواز داہانی نے تین اوورز میں 22 رنز دے کر ایک، محمد وسیم جونیئر نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے چار اوورز میں 21، محمد نواز نے چار اوورز میں 44 رنز دے کر ایک جب کہ افتحار احمد نے ایک اوور میں پانچ رنز دیے۔

پاکستانی بالنگ کی خاص بات یہ تھی کہ اس اننگز میں پاکستان نےکوئی وائڈ یا نو بال نہیں کرائی۔

پاکستان نے جب 148 کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد رضوان 11 گیندوں پر چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں شان مسعود بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ جس کے بعد حیدر علی کے بجائے شاداب خان چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور چھا گئے۔

شاداب خان نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور برق رفتاری سے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے، پاکستان کی پوزیشن میچ میں مضبوط کر دی۔

شاداب خان 22 گیندوں پر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے، لیکن کپتان بابر اعظم ڈٹے رہے۔ محمد نواز نے 16 جب کہ حیدر علی نے دو گیندوں پر 10 رنز بنا کر پاکستان کی جیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔

سہ فریقی سیریز کے پہلے دو میچز میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کے فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ جمعے کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان ٹیم کی کامیابی پر سوشل میڈیا پر بھی کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

پاکستان کے بالنگ کوچ شان ٹیٹ نے ٹویٹ کیاکہ بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔ ان کی بلاشبہ ایک الگ ہی کلاس ہے۔

نور عباسی نامی صارف نے لکھا کہ آپ نے بنگلہ دیش کے خلاف ان کے کم اسٹرائیک ریٹ پر انہیں ٹرول کیا اور اُنہوں نے دنیا کے بہترین بالنگ اٹیک کے خلاف 151 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کر کے آپ کو جواب دے دیا۔

حسن بیگ نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ "بابر دی فنشر'

XS
SM
MD
LG