رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی ٹوئنٹی ، پاکستان کی 3 رنز سے فتح


ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 129 رنز ہی بناسکی جبکہ اسے جیتنے کے لئے 133رنز کا ہدف ملا تھاجو تمام کوششوں کے باوجود حاصل نہ ہو سکا۔

پورٹ آف اسپین ،ٹرینیڈیڈ، میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے تین رنز سے جیت لیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی جبکہ اسے جیتنے کے لئے 133 رنز کا ہدف ملا تھا جو تمام کوششوں کے باوجود حاصل نہ ہوسکا۔

میچ کے آغاز پر ٹاس ویسٹ انڈیز نے جیتا تھا لیکن اس نے پاکستان کو پہلے کھیلنے کا موقع دیا جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ 20ا وور ز میں 132رنز بنائے تھے۔

احمد شہزاد اور والٹن کے آپس میں ٹکرانے کا منظر
احمد شہزاد اور والٹن کے آپس میں ٹکرانے کا منظر

آج کے میچ میں ایک ٹریجڈی بھی ہوئی۔ رنز لینے کے دوران احمد شہزاد والٹن سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں احمد شہزاد کی گردن اور کندھے میں شدید چوٹیں آئیں یہاں تک کہ انہیں اسٹریکچر پر لٹا کر ایمبولیس کے ذریعے میدان سے باہر لایا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے اپنی باری کا آغاز کیا تو عماد وسیم نے لیوس کو تین رنز پر ہی رن آؤٹ کردیا جبکہ والٹن 21 رنز پر شاداب خان کے ہاتھوں ڈھیر ہو گئے۔

سیموئل نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے بھی شامل ہیں، جبکہ سیمنز صرف ایک رن پر حسن علی کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے۔

پولاڈ کو سرفراز نے اسٹمپ کیا، بولر تھے شاداب خان۔ ان کے بعد پوویل کو بھی شاداب خان نے بھی اپنی بال پر کلین بولڈ کیا۔ پوویل کوئی بھی اسکور نہ کرسکے۔ بریتھویٹ کو ریاض وہاب نے 15 رنز پر کلین بولڈ کیا۔

ان کے بعد آنے والی کھلاڑی نارائن نے کوشش کے باوجود صرف 9 رنز بنائے۔ اس موقع پر صرف ایک بال باقی تھی جو بدری نے کھیلی۔ ہولڈر نے چھبیس رنز بنائے۔ وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستانی بالرز میں سے شاداب خان نے 4 جبکہ حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جب کھیل کا آغاز ہوا تو میزبان ٹیم کو پہلی اننگز کے پہلے ہی اوور میں اس وقت بڑی کامیابی ملی جب کامران اکمل بغیر کھاتہ کھولے سیموئل بدری کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

احمد شہزاد اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 41 رنز بنائے، اس موقع پر بابر اعظم 28 رنز بناکر بریتھویٹ کی گیند پر وکٹ کیپر والٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

مجموعی اسکور میں ابھی صرف 2 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ احمد شہزاد بھی پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ سنیل نارائن کے حصے میں آئی۔ فخر زمان کو صرف پانچ رنز پر بدری نے جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ صرف 51 رنز پر پاکستان کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 36 رنز جوڑے لیکن شعیب ملک تیز رفتار رنز بنانے کی کوشش میں 20 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیل کربریتھویٹ کا شکا رہوگئے۔

اگلے ہی اوور میں سنیل نارائن نے پہلے سرفراز احمداور پھر سہیل تنویر کو پویلین کی راہ دکھائی، دونوں نے بالترتیب 12 اور 4 رنز بنائے۔

عماد وسیم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور صرف 4 رنزبنا کر ولیمز کو وکٹ دے بیٹھے۔

وہاب ریاض اور شاداب خان نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے نویں وکٹ کی شراکت میں صرف 19 گیندوں پر 36 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کسی حد تک بہتر بنادی۔

وہاب ریاض 10 گیندوں پر 24 اور شاداب خان 10 گیندوں 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یوں پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے سنیل نارائن اور بریتھویٹ نے 3،3جبکہ سیموئل بدری نے 2 اور ولیمز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی یکم اپریل کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG