آسٹریلیا میں گرین شرٹس کی شکست کا سلسلہ مزید دراز ہو گیا۔ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستان نے ایک روزہ میچز کا آغاز بھی ہار کے ساتھ کیا ہے، پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 38 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان 18رنز بنا کر فالکنر کی گیند پر میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسکور میں صرف ایک کا اضافہ ہوا تو کپتان اظہر علی ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے، کافی عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا سکے، انہیں بھی فالکنر نے شکار کیا۔
بابر اعظم نے 33 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمر اکمل صرف 17 رنز ہی بنا سکے۔ عماد وسیم 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ریٹائرڈ ہرٹ اظہر علی بیٹنگ کرنے دوبارہ گراؤنڈ میں آئے لیکن زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 48 گیندوں پر صرف 24 رنز بنا سکے۔
وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یوں کینگروز نے گرین شرٹس کو 92 رنز سے باآسانی شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے ٹاس جیتنے کے ساتھ ہی محمد عامر اور اسپنر محمد حفیظ نے بولنگ کا آغاز کیا۔ اس گراؤنڈ پر یہ پہلا موقع ہے جب کسی ایک روزہ میچ میں اسپنر نے بولنگ کا آغاز کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنے تیسرے اوور میں 13 کے مجموعی اسکور پر پہلے ڈیوڈ وارنر اور پھر اگلی ہی گیند پر کپتان اسمتھ کو آؤٹ کر کے دی۔
ان کے بعد آنے والے کرس لائین بھی کچھ زیادہ نہ کر سکے اور 16رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
مچل مارش کو عماد وسیم نے 4 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس طرح صرف 78 رنز پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔
اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم جلد آؤٹ ہو جائے گی لیکن پہلے میکسویل اور پھر میتھیو ویڈ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایسا نہ ہو سکا۔ گلین میکسویل اور میتھیو ویڈ نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
اس دوران میکسویل نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
کومنس 15اور اسٹارک 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میتھیو ویڈ نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100رنز بنائے۔ یہ ایک روزہ میچوں میں ان کی پہلی سنچری ہے۔
یوں آسٹریلوی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ پاکستانی کھلاڑیوں حسن علی نے تین، محمد عامر اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔