پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں ہے اور جمعہ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لئے دن رات پریکٹس کر رہی ہے۔ جبکہ منگل کو ٹیم نے آسٹریلیا الیون کے ساتھ وارم اپ میچ بھی کھیلا اور 196 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔
ون ڈے سیریز کے تحت پانچ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہو چکی ہے جس میں پاکستان کو کلین سوئپ کا منہ دیکھنا پڑا۔
دوسری جانب محمد عرفان کے بعد اب نائب کپتان سرفراز احمد کو بھی مجبوراً اپنا دورہ مختصر کرکے وطن واپس آنا پڑ رہا ہے۔ ان کی والدہ علالت کے باعث کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سلیکشن کمیٹی کی جانب سے سرفراز کی جگہ کامران اکمل کو آسٹریلیا بھیجے جانے کے اشارے مل رہے ہیں۔
ایک روز قبل محمد عرفان کو والدہ کے انتقال کے سبب دورہ آسٹریلیا مختصر کرنا پڑا تھا۔ ان کی جگہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جنید خان کو پانچ میچوں کے لئے آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ادھر منگل کو کھیلے گئے وارم آپ میچ میں آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ پاکستان سے کرائی ۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے۔ اوپنر اسد شفیق نے4 ، شرجیل خان نے 62 ، شعیب ملک نے 49، عمر اکمل نے 54 ،بابر اعظم 98 ، عماد وسیم 15، محمد نواز 12 جبکہ محمد رضوان 22 اور اظہر علی ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح آسٹریلیا الیون کو میچ جیتنے کے لئے پاکستان نے 335 رنز کا ہدف کیا تاہم آسٹریلیا الیون 138 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستانی بالرز میں حسن علی نے تین اور شعیب ملک نے 2,2 وکٹیں جبکہ راحت علی، محمد نواز اور اظہر علی نے ایک ایک وکٹ لی۔