رسائی کے لنکس

ہنگو میں پولیس تھانے پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع میں اس سے قبل بھی پولیس تھانوں پر حملے ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ سال ہی شدت پسندوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کی مرکزی جیل پر بھی حملہ کیا تھا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختو نخواہ کے ضلع ہنگو میں ایک پولیس اسٹیشن پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق ہنگو کی تحصیل ٹل میں پیر کی صبح شدت پسندوں نے ایک تھانے پر دھاوا بولا۔

جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جب کہ پولیس کی فائرنگ سے ایک مبینہ خودکش بمبار مارا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ کرنے والوں کے تین ساتھی ہلاک ہوئے۔

مقامی پولیس کے مطابق فوری جوابی کارروائی کے باعث یہ حملہ پسپا کر دیا گیا۔

خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع میں اس سے قبل بھی پولیس تھانوں پر حملے ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ سال ہی شدت پسندوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کی مرکزی جیل پر بھی حملہ کیا تھا۔

ادھر پیر ہی کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی کے پولیس افسر کے گھر پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے پولیس انسپکٹر کے بھائی بتائے جاتے ہیں۔

پاکستانی فوج گزشتہ تین ماہ سے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس دوران ایک ہزار سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

حکام یہ کہہ چکے ہیں کہ اس فوجی کارروائی کے ممکنہ رد عمل میں ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد واقعات رونما ہو سکتے ہیں لیکن ان کے بقول اس سے نمٹنے کے لیے بھی مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔

اتوار کو بھی شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں شدت پسندوں نے ’ایف سی‘ کے ایک قلعے پر راکٹوں سے حملہ کیا تھا جس میں تین اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG