رسائی کے لنکس

پاکستانی ہر سال اے ٹی ایم سے 46 کھرب روپے نکلواتے ہیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسٹیٹ بنک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اے ٹی ایم مشینوں کی بھرمار ہوگئی ہے اور اب تعداد 12689 ہو گئی ہے جبکہ دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین بھی پاکستان میں خنجراب پاک چین کے بارڈر پر واقع ہے۔

بینکوں کی جانب سےآٹو میٹڈ ٹلر مشین( اے ٹی ایم) کی سہولت ملنے کے بعد بہت سی مشکلات آسان ہو چکی ہیں لیکن اسے استعمال کرنا کبھی کبھی بہت مہنگا بھی پڑتا ہے۔

اگر آپ اپنا کارڈ غلط طریقے سے مشین میں ڈالیں یا پھر رقم نکلوانے کے بعد کارڈ واپس لینا ہی بھول جائیں یا مشین کی کسی خرابی کی وجہ سے کارڈ پھنس جائے تو بڑی مشکل پیش آتی ہے۔ لیکن اس سب کے باوجوداے ٹی ایم ایسی سہولت ہے جس کی وجہ سے کیش کسی بھی وقت نو پرابلم۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان میں اے ٹی ایم مشینوں سے کتنے نوٹ نکالے جاتے ہیں؟ پاکستان کے مرکزی بینک اسٹیٹ بنک نے دلچسپ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

پاکستان کے مرکزی بنک کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے پاکستانی اے ٹی ایم سے سالانہ 4600 ارب روپے اور ماہانہ 383 ارب روپے نکالتے ہیں۔اے ٹی ایم مشینوں سے یومیہ اوسط 12 ارب 70 کروڑ کی رقوم نکلوائی جاتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال خوشی کے تہوار یعنی رمضان المبارک اور عید الفطر پر 442 ارب روپے کے کرنسی نوٹ نکلوائے گئے۔

اسٹیٹ بنک کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اے ٹی ایم مشینوں کی بھرمار ہوگئی ہے اور اب تعداد 12689 ہو گئی ہے جبکہ دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین بھی پاکستان میں خنجراب پاک چین کے بارڈر پر واقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موجود کل اے ٹی ایم مشینوں میں سے 83 فیصد مشینیں بینکوں کے باہر نصب ہیں جبکہ 17 فیصد کارباری مراکز، اسپتالوں، شاپنگ مالز میں لگی ہیں جبکہ 4 اے ٹی ایم مشینیں موبائل گاڑیوں میں بھی نصب ہیں۔ ان تمام مشینوں میں سے ایک ہزار 5سو83 مشینوں میں بائیومیٹرک تصدیق کے سینسرز بھی لگائے گئے ہیں۔

جولائی میں جاری پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام بزنس ڈیسک کے مطابق پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے مارچ کے اختتام تک پاکستان میں بینک برانچز کی تعداد 2 فیصد کم ہو کر 14 ہزار 193 ہوگئی تھی جبکہ اسی عرصے میں مختلف بینکوں کی جانب سے 163 نئی اے ٹی ایم مشینیں لگائی گئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں 32 بینکس، 11 مائیکرو فنانس بینک، 2 اسپیشل بینکس جب کہ 8 ترقیاتی مالیاتی ادارے کام کررہے ہیں۔

پاکستان میں اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے فراڈ بھی کیے جاتے رہے ہیں جہاں جعلساز مشین کے اندر کارڈ ڈالنے کی جگہ پر خفیہ طور پر ایسا آلہ نصب کردیتے تھے جس کی مدد سے جو بھی اے ٹی ایم مشین استعمال کرتا تھا اس کے کارڈ کی تمام معلومات چوری کرلی جاتی تھیں اور پھر کسی بیرون ملک بنک میں رقم بھجوا دی جاتی تھی۔ گذشتہ سال ایسا ہی ایک رومانیہ کا جعلساز راول پنڈی میں پولیس مقابلہ میں مارا بھی جاچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG