رسائی کے لنکس

ٹیم کو مبارک باد کے ساتھ 'ملک دشمنوں' کے لیے بھی پیغام


عالمی کپ کے بعد دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیے جانے والے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں چیمپئن بننے اور خصوصاً روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دینے پر پاکستان بھر میں جشن کا سماں ہے۔

ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں کی طرف سے قومی ٹیم کو اپنے اپنے انداز میں مبارک باد دینے کا اتوار کو شروع ہونے والا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔

ایسے میں فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی دیگر کی طرح ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو مبارکباد دی بلکہ اس موقع کو پاکستان کے دشنموں کو ایک واضح پیغام پہنچانے کے لیے بھی استعمال کیا۔

ٹوئٹر پر صوبہ بلوچستان میں قومی ٹیم کی فتح پر جشن مناتے لوگوں کی چند تصاویر کے ساتھ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ "یہ ہے ہمارا بلوچستان۔" اور ساتھ ہی بظاہر ملک دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ سے کہا جاتا ہے (یہ کام) چھوڑ دیں۔"

پاکستان کا الزام ہے کہ بھارت بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کے ذریعے صورتحال کو خراب کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے، تاہم نئی دہلی ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں جس سے ماضی کی نسبت امن و امان کی صورتحال میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ سال پاکستان نے بلوچستان سے ایک بھارتی شہری کلبھوشن یادیوو کو گرفتار کیا تھا جو حکام کے بقول بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے لیے کام کرتا تھا اور بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں تخریبی کارروائیوں کے لیے سرگرم تھا۔

کلبھوشن کا ایک اعترافی وڈیو بیان بھی جاری کیا گیا تھا لیکن بھارت اسے بھی مسترد کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG