رسائی کے لنکس

جیش محمد کے تین ارکان کو پانچ، پانچ سال قید کی سزا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم گروپ جیش محمد کے تین کارکنوں کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے پر پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ تینوں ارکان کو محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے گرفتار کیا تھا۔

پنجاب کے ضلع گوجرانولہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم تنظیم جیش محمد کے تین ارکان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے اور جیش محمد سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے پر پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک بیان کے مطابق جیش محمد کے گرفتار ارکان کے خلاف دہشت گرد تنظیموں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کے ٹھوس ثبوت ملے تھے، جس پر عدالت نے اِنہیں سزا سنائی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تینوں افراد کے خلاف گوجرانولہ کے تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمات درج کیے گئے تھے اور عدالت نے تینوں ملزمان کو الگ الگ کیسوں میں سزا سنائی ہے۔

محمکہ انسداد دہشت گردی پنجاب کے مطابق اینٹی ٹیرراسٹ کورٹ نے کافی شواہد کی بنا پر کالعدم تنظیم جیش محمد کے رکن محمد افتخار کو پانچ سال قید اور 45 ہزار روپے جرمانہ، محمد اجمل کو پانچ سال اور 5 ہزار روپے جرمانہ، جب کہ محمد بلال کو پانچ سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

تینوں مجرمان کو سینٹرل جیل گوجرانولہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ تینوں افراد کے خلاف گزشتہ ماہ اپریل کے اوائل میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جب کہ عدالت میں چالان رواں ماہ مئی کے شروع میں جمع کرائے گئے تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کسی بھی شخص یا تنظیم کو کالعدم تنظیموں اور دہشت گرد تنظیموں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں۔ ایسا کرنے والے افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کالعدم تنظیم جیش محمد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ سے 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ وہ کالعدم تنظیم جیش محمد کے لیے فنڈز اکٹھے کرتے تھے جو مبینہ طور پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال ہوتے تھے۔

گرفتار ارکان سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے اور رسیدیں برآمد کر لی گئیں ہیں۔ باقی تینوں ملزمان کا کیس عدالت میں چل رہا ہے۔

جیش محمد اقوام متحدہ کی دہشت گردی کی معاونت کرنے والی تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے۔ جس کے بعد سے پاکستان کی حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت جیش محمد سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

XS
SM
MD
LG