رسائی کے لنکس

'اپنا' پاک امریکہ تعلقات کا اہم ستون ہے: اعزاز چودھری


'اپنا' کے اجلاس میں شریک مندوبین
'اپنا' کے اجلاس میں شریک مندوبین

پاکستانی سفیر نے ضرورت مند افراد کی امداد کے لیے دنیا بھر میں جاری 'اپنا' کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 'اپنا' سے منسلک اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹرز ہی دراصل پاکستان کی اصل شناخت ہیں۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چودھری نے شمالی امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم 'اپنا' کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور کینیڈا میں کام کرنے والے پیشہ ور پاکستانیوں کی سب سے مضبوط انجمن ہے۔

ہفتے کو شکاگو میں 'اپنا' کے ششماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکیوں کوپھلتا پھولتا اور اپنی ریاستوں کی ترقی کے لیے کام کرتے دیکھنا ہمیشہ سے ان کے لیے باعثِ فخر رہا ہے۔

پاکستانی سفیر نے ضرورت مند افراد کی امداد کے لیے دنیا بھر میں جاری 'اپنا' کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 'اپنا' سے منسلک اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹرز ہی دراصل پاکستان کی اصل شناخت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'اپنا' پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے تنظیم سے منسلک پاکستانی ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو امریکی سیاست، میڈیا، انٹرٹینمنٹ اور قومی سطح کے دیگر اہم اداروں میں بھیجیں تاکہ وہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرسکیں۔

امریکہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم 'اپنا' (ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈسینٹ ان نارتھ امریکہ )کی بنیاد 1977ء میں رکھی گئی تھی جب کہ اب اس تنظیم کے ارکان کی تعداد ہزاروں میں ہے۔

یہ تنظیم امریکہ اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں بہت سے فلاحی اور رفاہی منصوبے چلا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG